موسمِ بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح (کل) ہوگا

منگل 13 فروری 2018 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی ای) اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے زیر اہتمام موسمِ بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح (کل) جمعرات کو ایف نائن پارک میں ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب سے کیا جائے گا۔ سی ڈی اے نے سال 2018ء کے موسمِ بہار کی شجر کاری کیلئے وسیع اور جامع انتظامات کئے ہیں۔

شہرِ اسلام آباد کی خوبصورتی اور ہریالی کو مزید بڑھانے کے لئے موسمِ بہار کی شجرکاری کے دوران تین لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ تقریب میں ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے افسران اور ملازمین کے علاوہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، سول سوسائٹی، سرکاری و نیم سرکاری ادارے، این جی اوز اور مختلف تعلیمی اداروںکے نمائندے کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ادارہ کی طرف سے سال میں دومرتبہ شجرکاری کی مہم منعقد کی جاتی ہے۔ شجرکاری کی اس مہم کا مقصد شہر کی ہریالی کو برقرار رکھنا اور شہریوں کی توجہ اس مقصد کی طرف مبذول کرانا ہوتا ہے۔ رواںسال موسمِ بہار کی شجر کاری کے دوران اسلام آباد ایکسپریس وے، گرائونڈز، پارکس، مارگلہ ہلز نیشنل پارک، سملی ڈیم کے اردگرد کے علاقے، H-10 ،H-11 اور کشمیر ہائی وے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تمام متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شجرکاری کی مہم میں لگائے جانے والے مختلف اقسام کے پودوں کی نشوونما کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ مزید برآں شجرکاری میں مقامی اور موزوں پودے لگانے کو یقینی بنایا جا ئے تاکہ ان کی افزائش کے مثبت نتائج حاصل ہو سکیں۔