مخالفین کی بے شمار دولت بھی ان کے امیدوار کو کامیاب کرانے میں ناکام ثابت ہو گئی، برجیس طاہر

منگل 13 فروری 2018 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے لودھراں سے ضمنی الیکشن میں (ن) لیگی امیدوار کی کامیابی پر لودھراں اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر عوام کے فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ نوازشریف ہی ان کے دلوں میں بستے ہیں اور وہی ہی اس ملک کے حقیقی رہنما ہیں جن سے پاکستان کا روشن مستقبل وابستہ ہے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مخالفین کی بے شمار دولت بھی ان کے امیدوار کو کامیاب کرانے میں ناکام ثابت ہو گئی ہے اور عوام نے مخالفین کی رونے دھونے اور سازشوں کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے محمد نواز شریف کے ترقی کے وژن اور پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کے نظریہ کو ووٹ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ عوام ترقیاتی منصوبوں، لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ، توانائی کے نئے منصوبے شروع کرنے اور سی پیک جیسے میگا منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے والے لیڈر کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مخالفین کو اب یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ ان کے تمام تر الزامات، دھرنوں اور لاک ڈائون جیسے غیر قانونی ہتھکنڈوں کو پاکستان کے عوام نے رد کر دیا ہے اور وعدوں کی تکمیل کرنے والے لیڈر اور محبوب قائد کے امیدوار کو کامیاب کرا کر پی ٹی آئی کی جیتی ہوئی سیٹ دوبارہ حاصل کی ہے جو کہ 2018ء کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو اب یہ بات اچھی طرح ذہین نشین کر لینی چاہئے کہ عوام محض الزامات لگانے اور سازشیں کرنے والوں کو ہر گز پسند نہیں کرتے بلکہ وہ دن رات محنت کرنے اور وعدوں کی تکمیل کرنے والی سیاسی جماعت کو کامیاب کراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام سیاسی مخالفین کو انتباہ کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اگر عوام میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو الزام تراشی اورپروپیگنڈے کی بجائے عوام کی فلاح کیلئے کام کریں۔