میرپور کے مسائل کے حل کے لئے ایک منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہے ہیں ،ْچوہدری محمد سعید

ادارہ ترقیات میرپور بورڈ اجلاس میں شہری مفاد میں فیصلے کئے ہیں جن کے اثرات جلد سامنے آئینگے ،ْ وزیر سپورٹس آزاد کشمیر

منگل 13 فروری 2018 16:50

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء)آزاد کشمیرکے وزیر سپورٹس،یوتھ ،کلچر،ثقافت و ادارہ ترقیات چوہدری محمد سعید نے کہا ہے کہ میرپور کے مسائل کے حل کے لئے ایک منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہے ہیں ،ْ انشاء اللہ پانچ سال میں میرپور کا نقشہ بدل دینگے ،ْ جو بھی ترقیاتی کام ہورہے ہیں ان میں ہم نے کوالٹی پر کمپرومائز نہیں کیا بلکہ کوئی بھی منصوبہ پسند ناپسند کی بنیاد پر نہیں دیا ،ْصحافت ایک مقدس پیشہ ہے ،ْ اس کو مثبت پیرائے میں عمل میں لایا جائے تو بے شمار مسائل ہوسکتے ہیں ،ْمثبت تنقید کا خندہ پیشانی سے سامنا کریں گے ،ْادارہ ترقیات میرپور بورڈ اجلاس میں شہری مفاد میں فیصلے کئے ہیں۔

جن کے اثرات جلد سامنے آئینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پریس کلب میرپور کے منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارات ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیا ت میرپور اعجاز رضا نے کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سبکدوش ڈپٹی سیکرٹری جنرل عدنان جبار مغل اور نومنتخب جنرل سیکرٹری سجاد قیوم خانپوری نے سرانجام دیئے۔

تلاوت کلام پاک کی سعادت ارشد بٹ جبکہ نعت رسول مقبول حاجی احمد رضا نے حاصل کی۔ چوہدری محمد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں آزاد خطے میں تعمیر ترقی کے لئے حکومت وسیع اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ وزیر اعظم انفراسٹرکچر کمیونٹی پروگرام کے بعد ایم ایل ایز فنڈز سے میرپور میں بھرپور ترقیاتی کام کیے ہیں، جن میں سڑکوں ، گلیوں، سیوریج کے مسائل سمیت دیگر معاملات یکسو کئے جارہے ہیں۔

فیزI-کے بعد اب فیزII- میں درجنوں سیکٹرز میں کام مکمل ہو جائیں گے۔ ہم نے کام کے معیار پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا بلکہ ہر لحاظ سے معیار اور میرٹ کو ترجیح دی ہے۔ عوام آئیندہ پانچ سال میں واضح تبدیلی دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت مثبت اور مقدس پیشہ ہے ۔ اس سے وابستہ افراد ملکی و عالمی سطح پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ترقیات میرپور میں مسائل در مسائل ہیں جن میں بہتری کے لئے سرگرم ہیں۔

بورڈ اجلاس میں سخت مگر عوامی مفاد میں فیصلے کئے ہیں۔ تمام سیکٹرز کے نقشہ جات کو حتمی شکل دے رہے ہیں جبکہ ہال روڈ کی از سر نو تعمیر کے لئے کشمیر کونسل سے 35کروڑ کے فنڈز کی منظوری ہوچکی ہے۔ ڈی جی ایم ڈی اے اعجاز رضا نے کہا کہ صحافی ہماری غلطیوں کی نشاندہی کریں۔ ہم ان کو دور کریں گے۔ ادارہ ترقیات میں ایک ترتیب سے مسائل کو یکسو کرنے کا ایجنڈا بنایا ہے ۔

پہلے مرحلے میں تمام سیکٹرز کے نقشہ جات مکمل کئے جارہے ہیں۔ جس کے بعد درجنوں مسائل کا خاتمہ ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈبل فائلز، الاٹمنٹ، سیکٹرز کی ڈویلپمنٹ بارے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ حکومت نے پانچ کروڑ پچاس لاکھ روپے کے فنڈز دیئے ہیں۔ جس سے سڑکوں کے انفراسٹرکچر بہتری کر رہے ہیں ۔ عوام مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔ قبل ازیں مہمان خصوصیوزیرحکومت چوہدری سعید نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دی۔

نومنتخب صدر سید عابد حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے مجھ پر تیسری مرتبہ جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کروں گا۔ جرنلسٹ کالونی ، پریس کلب سے ملحقہ عمارت کی تعمیر میرے اولین مقاصد ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ممبران کلب کے عزت و وقار میں اضافے کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائوں گا۔ مثالی تعاون پر جملہ ممبران اور سینئر صحافیوں کا مشکور ہوں۔

جنہوں نے الیکشن پراسس کو تسلیم کیا اور ہمیں مبارکباد بھی دی ۔ یہ جمہوریت کا حسن ہے ۔ مہمان خصوصی چوہدری سعید نے پریس کلب کے لئے حکومت کی طرف سے دس لاکھ اور اپنی طرف سے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ حلف برداری کی تقریب سے سینئر صحافیوں سے حافظ محمد مقصود، راجہ سہراب احمد خان، مرکزی صدر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس محمد ظفیر بابا، عبدالرزاق نیازی، عبدالشاہد چوہدری، یاسر ممتاز چوہدری اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں میرپور، منگلا، کھڑی شریف، جاتلاں، چکسواری، اسلام گڑھ ،ڈڈیال اور بھمبر کے صحافیوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی ۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی ضیافت بھی کی گئی۔