آزاد کشمیر میں 04 میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے ،ْ آزاد کشمیر خطے میں اقتصادی مرکز و طاقت بن کر ابھریگا ،ْمسعود خان

مانسہرہ تا میرپور ایکسپریس وے کے ذریعے پورا آزاد کشمیر سی پیک کے مرکزی روٹ سے منسلک ہو جائیگا ،ْ صدر آزاد کشمیر بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ اور معصوم کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے ،ْ تقریب سے خطاب

منگل 13 فروری 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ چائینہ پاکستان کو ریڈور کے تحت آزاد کشمیر میں اس وقت 04 میگا پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے اور آنے والے چند سالوں میں آزاد کشمیر خطے میں اقتصادی مرکز و طاقت بن کر ابھرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں و کشمیر نے یہاں کراچی میں انگلش یونین کونسل کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سی پیک کے تحت آزاد کشمیر میں اس وقت چار میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ ان منصوبہ جات میں کروٹ و کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس ، مانسہرہ تا میرپور ایکسپریس وے اور میرپور میں انڈسٹری زون کا قیام شامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 720 میگا واٹ جبکہ کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 1124 میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہو گی ۔

اور اس کے علاوہ گلپور ، آزاد پتن ، ماہل ، دوھنیال کے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر بھی ابتدائی مرحلے پر کام شروع ہو چکا ہے اور آنے والی دہائی میں آزاد کشمیر 6000 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ضرورت کو پورا کرنے کے بعد اضافی بجلی پاکستان کے قومی گریڈ اسٹیشن کو مہیا کی جائے گی جس سے پاکستانی معیشت میں اضافہ ہوگا ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مانسہرہ تا میرپور ایکسپریس وے کے ذریعے پورا آزاد کشمیر سی پیک کے مرکزی روٹ سے منسلک ہو جائے گا ۔ جو آزاد کشمیر کی اقتصادی ترقی کے لیے نہایت مفید اور عوام کے لیے خوش آئند ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت میرپور میں صنعتی زون قائم کیا جا رہا ہے جہاں پر مقامی اور بیرونی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے اور عوام کو روزگار کے بھی بے شمار مواقع مہیا ہو ں گے، جس سے جہاں بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا وہاں خوشحالی بھی آئی گی ۔

انہوں نے کراچی کی بزنس کمیونٹی کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی ہے ۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ اور معصوم کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور ان کے گھروں ، جائیدادوں اور املاک کو تباہ کیا جا رہا ہے انہیں اپنے ہی دیس میں بے گھر کیا جا رہا ہے ۔ نوجوانوں اور کشمیری قیادت کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے ۔

خواتین کی بے حرمتی کی جا رہی ہے ۔ سینکڑوں کشمیریوں کو پیلٹ گنوں سے نابینا اور معذور کر دیا گیا ہے ۔ روزانہ درجنوں معصوم کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں ،بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر دانستہ خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کروائیں تاکہ جنوبی ایشیاء میں امن قائم رہ سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے آزادی حاصل ہونے تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن زیادہ دور نہیں جب سورج کشمیر کی آزادی کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔

متعلقہ عنوان :