Live Updates

عمران خان کی غلط فہمی تھی اے ٹی ایم سے نوٹ نکلتے ہیں ووٹ نہیں ‘ (ن) لیگ

جہانگیر ترین نے عوام کو نہیں عمران خان کو بلینک چیک دیا ، پارٹی سربراہ کو جہاز دینے سے عوام مطمئن نہیں ہوتے چکوال کے بعد لودھراں کا پیغام سن لو، ووٹ کی حرمت کو تسلیم کرو،اکثریت پر اقلیت کے فیصلے مت ٹھونسو،پیسہ ہار گیا خدمت جیت گئی خواجہ سعد رفیق،ملک ریاض ، وحید گل ، سیف الملوک کھوکھر،حنا پرویز بٹ، بائو اختر علی ،ممبر مشاورتی کونسل میاں عثمان کا بیان

منگل 13 فروری 2018 16:50

عمران خان کی غلط فہمی تھی اے ٹی ایم سے نوٹ نکلتے ہیں ووٹ نہیں ‘ (ن) لیگ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوںنے لودھراں کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو آئندہ عام انتخابات کا ٹریلر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی غلط فہمی تھی اے ٹی ایم سے نوٹ نکلتے ہیں ووٹ نہیں ، جہانگیر ترین نے عوام کو نہیں عمران خان کو بلینک چیک دیا تھا، پارٹی کے سربراہ کو جہاز دینے سے عوام مطمئن نہیں ہوتے ،لودھراں میں پیسہ ہار گیا اورخدمت جیت گئی ۔

ان خیالات کا اظہار رہنمائوںنے لودھراںکے ضمنی انتخاب میں لیگی امیدوار کی کامیابی پر اپنے بیانات میں کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لعنت ملامت کی گندی سیاست اہل لودھراں کے ووٹوں تلے دفن ہو گئی ہے،گالی نہیں دلیل، سازش نہیں عمل، ظلم نہیں عدل، جھوٹ نہیں سچ، دعوے نہیں خدمت، کام کام اور صرف کام مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پہچان ہے ۔

(جاری ہے)

سعد رفیق نے کہا کہ چکوال کے بعد لودھراں کا پیغام سن لو ، ووٹ کی حرمت کو تسلیم کرو،اکثریت پر اقلیت کے فیصلے مت ٹھونسو۔ انہوں نے کہا کہ لعنت ملامت کی گندی سیاست اہل لودھراں کے ووٹوں تلے دفن ہو گئی ہے۔اراکین اسمبلی ملک ریاض ، وحید گل ، سیف الملوک کھوکھر،حنا پرویز بٹ، بائو اختر علی ،میاں مرغوب ، (ن) لیگ مشاورتی کونسل کے ممبر میاں عثمان نے اپنے بیانات میں کہا کہ لودھراں کے ضمنی انتخاب کے نتائج نے دھرنا سیاست کو مستر دکر دیا ہے ۔

عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور اس کے بعد سے پی ٹی آئی والوں کے گھروں میں سیاسی صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے یاد رکھیں دھول اڑائو فارمولے کے ذریعے کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی اور لودھراں ضمنی انتخاب کا نتیجہ اس کامنہ بولتا ثبوت ہے ۔مسلم لیگ (ن) متحد ہے اور اس میں تقسیم کے خواب دیکھنے والے پہلے بھی ناکام ہوئے اور اب بھی ناکام رہیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات