سپریم کورٹ کے احکامات نظر انداز:

وزارت اوورسیز نے عرفان صدیقی کی سرپرستی میں خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے بیوروکریٹس سے ریکوری کیلئے معذرت کرلی

منگل 13 فروری 2018 16:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2018ء) سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود سابق وزیراعظم نوازشریف کے مشیر اور سینیٹ کے امیدوار عرفان صدیقی کی مبینہ سرپرستی میں سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے بیوروکریٹس سے ریکوری کروانے سے سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانی نے معذرت کرلی۔معتبر ذرائع کے مطابق وزارت اوورسیز پاکستانی کے ذیلی ادارے ورکر ویلفیئر فنڈ میں کئی سالوں سے عہدوں پر براجمان 8افسران کو سپریم کورٹ کے حکم پر فارغ کئے جانے کے بعد اشرافیہ کے دباؤ کی وجہ سے سیکرٹری ورکر ویلفیئر فنڈ نے معذرت کرلی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود کرپشن کے خلاف حکمران جماعت کے بلند وبانگ دعوؤں کا مذکورہ بالا بیورو کریٹس نے پول کھول دیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نوازشریف کے مشیر اور امیدوار برائے سینیٹ عرفان صدیقی کے بھائی طاہر کلیم صدیقی جو وزارت کیڈ کے ذیلی ادارے ڈائیکٹوریٹ آف ورکر ایجوکیشن کے عارضی ملازم تھے اور بعد ازاں ڈیلیویشن پر وزارت اوورسیز پاکستانی کے ذیلی ادارے ورک ویلفیئر فنڈ میں آگئے اور ساتھ اپنی ٹیم بھی وہاں لے آئے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ طاہر کلیم صدیقی اور ان کے ساتھ سرکاری افسران کے خلاف قومی احتساب بیورو(نیب) اور ایف آئی اے میں اربوں روپے کی کرپشن کی انکوائریاں بھی جاری ہیں لیکن اشرافیہ کے دباؤ کی وجہ سے مذکورہ بالا شخصیات کی جانب سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزارت اوورسیز پاکستانی کے ذیلی ادارے ورکر ویلفیئر فنڈ کے دیگر افسران میں عبدالحمید جمانی جو کہ سندھ گورنمنٹ میں بطور ڈاکٹر 17گریڈ میں ملازم تھے اور انہوں نے 2010ء میں ادارے کو جوائن کیا اور برق رفتاری سے تین سالوں میں گریڈ20حاصل کرلیا جبکہ ان کی تعلیمی قابلیت کے معیار پر بھی پورا نہیں اترتے تھے۔

اسی طرح ڈائریکٹر ایڈمن کے عہدے پر براجمان محمد نعمان شاہ قومی اسمبلی میں گریڈ17کے افسر تھے اور ورکر ویلفیئر فنڈ میں 19گریڈ کے عہدے پر براجمان تھے اس حوالے سے حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق مذکورہ بالا سرکاری افسران جن کو سپریم کورٹ کے حکم پر واپس ان کے اداروں میں بھیجا گیا ہے،سرکاری خزانے سے میڈیکل،بچوں کی فیسوں،گاڑیوں اور گھروں کی تعمیرات کیلئے کروڑوں روپے ایڈوانس کے نام پر نکلوائے جن سے ریکوری کرنے کے حوالے سے سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانی قاسم محمد خان نے معذرت کرلی ہے۔اس حوالے سے سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانی سے مؤقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا لیکن رابطہ نہ ہوسکا۔