شوبز نیوز*

معروف شاعر فیض احمد فیض کی107 ویں سالگرہ منائی گئی انجمن ترقی پسند مصنفین تحریک کے فعال رکن اور ایک ممتاز اِشتراکیت پسند تھے خدمات کے اعتراف میں نگار ایوارڈز،لینن امن انعام،نشان امتیاز جیسے اعزازات سے بھی نوازا گیا

منگل 13 فروری 2018 16:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2018ء) معروف شاعر فیض احمد فیض کی107 ویں سالگرہ منائی گئی۔ فیض احمد فیض غالب اور اقبال کے بعد اردو کے سب سے عظیم شاعر ہیں۔ فیض احمد فیض 1911 میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، انجمن ترقی پسند مصنفین تحریک کے فعال رکن اور ایک ممتاز اِشتراکیت پسند تھے۔ فیض 13 فروری 1911 کو کالا قادر ضلع نارووال پنجاب میں ایک معزز سیالکوٹی گھرانے میں پیدا ہوئے، والد سلطان محمد خان ایک علم پسند شخص تھے، وہ پیشے سے ایک وکیل تھے۔

آپ نے سکول میں فارسی اور عربی زبان سیکھی۔ بی اے آپ نے گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا اور پھر وہیں سے 1932 میں انگریزی میں ایم اے کیا۔ اس کے بعد اورینئٹل کالج لاہور سے عربی میں ایم اے کیا۔ فیض ترقی پسند تحریک کے بانیان میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

1942 میں انہوں نے فوج میں کیپٹن کی حیثیت سے ملازمت اختیار کی۔ 1943 میں فیض میجر اور پھر 1944 میں لیفٹیننٹ کرنل ہوئے۔

1959 میں پاکستان آرٹس کونسل میں بطور سیکرٹری تعینات ہوئے اور 1962 تک وہیں پر کام کیا۔ 1964 میں لندن سے واپسی پرآپ عبداللہ ہارون کالج کراچی میں پرنسپل کے عہدے پر فائز ہوئے۔ آپ کے شعری مجموعوں میں نقش فریادی، دست صبا، زنداں نامہ، دست تہ سنگ، سر وادی سینا، شام شہر یاراں، مرے دل مرے مسافر، نسخہ ہائے وفا (کلیات) شامل ہیں۔ فیض احمد فیض کو ان کی خدمات کے اعتراف میں نگار ایوارڈز،لینن امن انعام،نشان امتیاز جیسے اعزازات سے بھی نوازا گیا۔۔

متعلقہ عنوان :