Live Updates

پی ٹی آئی کو لودھراں الیکشن کے بعد نواز شریف کی مقبولیت کا انداز ہو جانا چاہئے۔ ظفر محمود

منگل 13 فروری 2018 16:20

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) مسلم لیگ (ن) ضلع مانسہرہ کے صدر ظفر محمود نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو لودھراں میں عبرتناک شکست کے بعد نواز شریف کی عوام میں مقبولیت کا انداز ہو جانا چاہئے، مسلم لیگ (ن) اور محمد نواز شریف سے مانسہرہ کے عوام سچی محبت کرتے ہیں، پارٹی صدر نواز شریف نے بھی مانسہرہ کو میگا پراجیکٹ سے نوازا ہے، مسلم لیگ (ن) سے محبت مانسہرہ کے لوگوں کے دلوں میں ہے جس کا ثبوت تمام ہونے والے جنرل الیکشن ہیں، اس علاقہ سے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی ہے۔

منگل کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ظفر محمود نے کہا کہ ضلع مانسہرہ مسلم لیگ کا گڑھ ہے، مانسہرہ کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کا جھنڈا ہمیشہ سربلند رکھا ہے، تاریخ گواہ یہ کہ ضلع مانسہرہ کے عوام نے مسلم لیگ (ن) اور محمد نواز شریف سے ہمیشہ دلی محبت کی ہے، نواز شریف نے بھی کبھی یہاں کے لوگوں کو مایوس نہیں کیا، انہیں حکومت سے تو نکالا گیا ہے تاہم عوام کے دلوں سے انہیں کبھی کوئی نہیں نکالا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگ پہلے سے زیادہ نواز شریف سے محبت کرنے لگے ہیں جس کا واضح ثبوت لودھراں کا الیکشن ہے، اس نشست کو پی ٹی آئی اپنی پکی سیٹ سمجھتی تھی تاہم نواز شریف کی محبت سامنے آئی اور لوگوں نے پیسے کو ٹھوکر مارتے ہوئے ایک بڑی لیڈ سے جہانگیر ترین کے بیٹے کو شکست دی، پی ٹی آئی کو اب ان کی اصلیت کا انداز ہو گیا ہو گا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) ضلع مانسہرہ کے جنرل سیکرٹری نیاز محمد نیازی سمیت مسلم لیگ یوتھ ونگ کے رہنما صلاح الدین خان بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات