لورہ چوک تا بالڈھیر جی ٹی روڈ پر مالٹا فروشوں کے باعث سڑک سکڑ کر رہ گئی، این ایچ اے اور پولیس کی خاموشی لمحہ فکریہ

منگل 13 فروری 2018 16:20

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) لورہ چوک تا بالڈھیر جی ٹی روڈ پر مالٹا فروشوں کے قبضہ کے باعث سڑک سکڑ کر رہ گئی ہے جس سے آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں، صورتحال کی سنگینی کو جاننے کے باوجود نیشنل ہائی ویز اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس خاموش تماشائی بن گئی ہے۔ مذکورہ علاقہ میں جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف مالٹا کے باغات نہ ہونے کے باوجود مالٹا فروش ان دیکھے باغات کے نام پر گاہکوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرواتے ہیں اور راہ چلتی گاڑی مالکان خصوصاً سیاح جا بجا بے ترتیب گاڑیاں کھڑی کر کے جی ٹی روڈ کی معمول کی ٹریفک کی روانی کو متاثر کرتے ہیں۔

یہ صورتحال گذشتہ کئی سالوں سے جاری ہے اور اس کی وجہ سے بارہا حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں، اس ایریا میں اکثر و بیشتر ٹریفک پولیس مختلف کارروائیوں کیلئے اپنے ڈیرے جمائی ہے مگر آج تک نہ جانے کن وجوہات پر انہیں جی ٹی روڈ پر قبضہ جمائے یہ مالٹا فروش نظر نہیں آتے۔

(جاری ہے)

جی ٹی روڈ پر آئے روز سفر کرنے والے مسافروں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جی ٹی روڈ پر مالٹا فروش غیر پختہ اور غیر قانونی رکاوٹیں کھڑی کر کے جہاں گراں فروشی کے مرتکب ہو رہے ہیں وہاں ان کی کھوکھا نما دکانیں سڑک پر سنگین مسائل کا سبب بن رہی ہیں جس کی وجہ سے حادثات کے خطرات بھی منڈلاتے رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :