بھارت اورعالمی برادری کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کریں،جموںو کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی

منگل 13 فروری 2018 16:47

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموںو کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے بھارت اورعالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ جموںوکشمیرمیں کشمیریوں کا قتل عام بند کرایا جاسکے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ضلع شوپیاں میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد جاں بحق ہونیوالی کشمیری طالبہ صائمہ وانی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی مقبوضہ علاقے میں تعیناتی کی وجہ سے کشمیری عوام کو شدید مشکلات کاسامنا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ تباہی اور بربادی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بھارتی عدلیہ کی طرف سے بھارتی فورسز کا دفاع کرتے ہوئے فورسز اہلکاروںکے خلاف مقدمے پر حکم امتناع جاری کرنے افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کو پہلے ہی مقبوضہ علاقے میں رائج آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کے ذریعے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے اور اب بھارتی عدلیہ بھی انہیں کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس دے رہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عدلیہ سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کو بھی انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے جوایک جھوٹے مقدمے میں نئی دلی کی تہاڑ جیل میں نظربند ہیں۔مولانا عبداللہ طاری نے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی کی واحد وجہ حل طلب تنازعہ کشمیر ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے اقدامات نہ کئے گئے تو جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔