مصری فوج کا انتہائی خطرناک دہشت گرد گروہ کے خاتمے کااعلان

فائرنگ کے تبادلے میں دس دہشت گردوں کو ہلاک،غیرملکیوں سمیت400 کوگرفتارکرلیا،بیان

منگل 13 فروری 2018 15:36

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) مصر میں فوج نے اعلان کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے سیناء میں جاری آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور 400 کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات منگل کے روز سرکاری ٹیلی وڑن پر فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی۔

بیان کے مطابق ایک انتہائی خطرناک دہشت گرد گروہ کے مذکورہ دس تکفیری تخریب کار العریش شہر میں ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی فورسز کے چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز آلات برآمد ہوئے۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران 400 جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو پکڑ لیا گیا جن میں غیر ملکی شہریت رکھنے والے عناصر بھی ہیں۔

ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔اس سے قبل مصری فوج اعلان کر چکی ہے کہ اس نے 9 فروری سے سیناء کے وسط اور شمال کے علاوہ ڈیلٹا مصر اور دریائے نیل کے مغرب میں واقع صحرائی علاقوں میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مقابلے کے ایک جامع منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :