ڈاکٹر محمد جاوید خان جامعہ کشمیر شعبہ اردو کے نئے سربراہ تعینات

منگل 13 فروری 2018 15:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد جاوید خان جامعہ کشمیر شعبہ اردو کے نئے سربراہ تعینات،موصوف نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا ،موصوف قبل ازیں محکمہ ہائیر ایجوکیشن میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر خدمات سر انجام دے رہے تھے ،آزادجموں وکشمیر یونی ورسٹی نے ان کی خدمات مستعار لی ہیں ،سابق سربراہ ڈاکٹر عبدالکریم کچھ مدت پہلے آبائی محکمہ میں واپس چلے جا چکے تھے جس کے بعد یہ عہدہ خالی تھا ،ڈاکٹر محمد جاوید خان نے نمل یونی ورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ہے،شعبہ آمد پر فیکلٹی اراکین میر یوسف میر ،عاصمہ کبیر سمیت طلبہ نے ان کا خیر مقدم کیا ،اس موقع پر خوش آمدیدی تقریب بھی منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادجموں وکشمیر یونی ورسٹی اور شعبہ اردو کی شاندار روایات ہیں ،وائس چانسلر سمیت دیگر ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے اعتماد کا اظہار کر کے میری تعیناتی یہاں کی ،یہ عہدہ میرے لیے کسی امتحان سے کم نہیں ،انھوں نے کہا کہ جامعہ کشمیر شعبہ اردو نے بہت کم عرصے میں اپنی پہچان بنائی ہے ،ان روایت کو جاری رکھتے ہوئے مزید ترقی دیں گے ،مستقبل میں یہاں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی کلاسز بھی شروع ہوں گی ،انھوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں ،مقابلے کے لیے خود کو تیار کریں ،شعبہ اردو کے طلبہ خوش قسمت ہیں کہ انھوں نے اردو کا بہ طور شعبہ انتخاب کیا ،اردو ہی ہماری قومی زبان اور پہچان ہے ،عدلیہ سمیت دیگر اداروں میں اس بہ تدریج نفاذ ہو رہا ہے ،اس لیے مستقبل کے حوالے سے اس شعبہ کی اہمیت بڑھ گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :