کھاوڑ اور اس کا نواحی گائوں نڑاں شریف مسائل کی دلدل میں پھنس گئے

متاثرہ علاقوں کے عوام مایوس،متاثرین نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ چھتر کلاس میڈیا کے سامنے پھٹ پڑے

منگل 13 فروری 2018 15:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء)کھاوڑ اور اس کا نواحی گائوں نڑاں شریف مسائل کی دلدل میں پھنس گئے۔پانی کی قلت کے مسلہ نے جانور سستے داموں فروخت کرنے اور لوگوں کو ہجرت پر مجبور کر دیا،متاثرہ علاقوں کے عوام مایوس،متاثرین نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ چھتر کلاس میڈیا کے سامنے پھٹ پڑے۔تفصیلات کے مطابق سید عظیم شاہ نے صحافیوںکو بتایا کہ علاقے کے تمام قدرتی چشمے سرنگوں کی وجہ سے ختم ہو چکے ہیں،پانی جیسی بنیادی سہولت کی عدم فراہمی کی وجہ سے ان کا کاروبار زندگی مفلوج ہو چکا ہے،لوگ ہجرت کے لیے سوچنے پر مجبور ہو رہے یہں۔

ہائیڈل پراجیکٹ تو بنا دیئے متاثرین کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا گیا۔1985کے بعد ہائی سکول کی عمارت تعمیر نہیں کی گئی،راجہ شہزاد خان نے کہا کہ حکومت نے متاثرین کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

علاقائی مسائل کی جانب توجہ دلانے کے لیے یہ مجاز ادارے کے دروازنے پر دستک دے رہے ہیں مگر موڈ عوامی مسائل حل کرنے کا کہیں دکھائی نہیں دے رہا ہے،یونس خان نیازی نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں پانی پٹرول سے مہنگا ہے،دور دراز سے بھاری معاوضہ کے عوض پانی کی خرید کرنا پڑتا ہے۔

گاگر سر پر اٹھائے بچیاں گھنٹوں پانی کی تلاش میں رہتی ہیں۔راجہ عبدالرشید،عارف شاہ،صوبیدار(ر) عبدالرشید،منظور خان انقلابی،حنیف ہاشمی،واصف خان،راجہ صابر اور دیگر نے کہا کہ سرنگ گزارنے سے 50فیصد گھر متاثر ہو گئے ہیں،تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ نہیں کیا گیا،ہسپتال میں ڈاکٹروں و میڈی سن کی کمی ہے،الیکشن سے پہلے روز گار دینے کے وعدے کرتے ہیں پھر این ٹی ایس لاگو کر کے بے روز گار کرتے ہیں،واپڈا نے پانی کے منصوبوں کیلئے جو فنڈز دیئے وہ کہاں ہیں۔