لودھراں میں شیر کی جیت عوام کا مسلم لیگ ن پر اعتماد ہے‘شاہ غلام قادر

مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی اسمبلی میں ممبر اسمبلی کی طرف سے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھارت کے لیے نوشتہ دیوار ہے‘سپیکر قانون ساز اسمبلی

منگل 13 فروری 2018 15:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) آزادجموں وکشمیر کے سپیکر شاہ غلام قادر نے پر یس کلب ہٹیاں بالا کے وفد سے بات چیت کر تے ہو ئے کہا کہ لودھراں میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی قائد پاکستان محمد نواز شریف پر عوام کے بھرپور اعتماد کی عکاس ہے لودھراں میں شیر کی جیت عوام کا مسلم لیگ ن پر اعتماد ہے لودھراں میں شیر کی جیت عوام کا نواز شریف کی قیادت اور مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پرمکمل اعتماد کا اظہا ر ہے مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی اسمبلی میں ممبر اسمبلی کی طرف سے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھارت کے لیے نوشتہ دیوار ہے۔

ہندوستان جبری ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی اندرونی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے پاکستان پر الزام تراشی دنیا کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش ہے۔ بھارت مکار اور دھوکہ باز ملک ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کشمیر کشمیریوں کی اپنی ہے۔ بھارتی فوج کشمیری مجاہدین کو اپنا اسلحہ فروخت کرتی ہے۔ کشمیریوں کو اپنی جدوجہد جار ی رکھنے کے لیے باہر سے کسی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر آہنی باڑ تعمیر کر رکھی ہے کشمیر کے اندر آٹھ لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے اور ایک چھوٹے سے خطے میں اتنی بھاری فوج کی تعیناتی کے باوجود اگر کوئی لائن آف کنٹرول کراس کرتا ہے تو یہ بھارتی فوج کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔