کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکامی کے بعد بھارت پاکستان کے خلاف الزام تراشیوں میں مصروف ہے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کشمیریوں کی اپنی ہے بھارت کی طرف سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے خلاف پراپیگنڈہ بے بنیاد ہے‘راجہ فاروق حیدر

منگل 13 فروری 2018 15:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کشمیریوں کی اپنی ہے بھارت کی طرف سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے خلاف پراپیگنڈہ بے بنیاد ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکامی کے بعد بھارت پاکستان کے خلاف الزام تراشیوں میں مصروف ہے۔

ہندوستان دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے کشمیریوں اور پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کر رہا ہے۔ کشمیریوں کو اپنی جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کے لیے کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی اسمبلی میں ممبر اسمبلی کی طرف سے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھارت کے لیے نوشتہ دیوار ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان جبری ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔

ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی اندرونی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اسلام آباد میں کشمیری مہاجرین کے مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی طرف سے پاکستان پر الزام تراشی دنیا کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش ہے۔

بھارت مکار اور دھوکہ باز ملک ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کشمیر کشمیریوں کی اپنی ہے۔ بھارتی فوج کشمیری مجاہدین کو اپنا اسلحہ فروخت کرتی ہے۔ کشمیریوں کو اپنی جدوجہد جار ی رکھنے کے لیے باہر سے کسی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر آہنی باڑ تعمیر کر رکھی ہے کشمیر کے اندر آٹھ لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے اور ایک چھوٹے سے خطے میں اتنی بھاری فوج کی تعیناتی کے باوجود اگر کوئی لائن آف کنٹرول کراس کرتا ہے تو یہ بھارتی فوج کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور بھارت کو منفی پراپیگنڈے کے بجائے اس بات کا اعتراف کرنا چاہئے کہ اس کی فوج دنیا کی ناکام ترین فوج ہے۔

اپنی فوج کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے بھارت منفی ہتھکنڈے استعمال کر کے اپنی ناکامیوں کا بدلہ ایل او سی پر سویلین آبادی کو جارحیت کا نشانہ بنا کر لے رہا ہے۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی اسمبلی میں رکن اسمبلی کی طرف سے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھارت کے ہوش ٹھکانے لانے کے لیے کافی ہے ہندوستان یہ جان لے کہ کشمیری بھارت سے نفرت کرتے ہیں اور بھارت سے آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

کشمیری اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک کہ بھارت کشمیر سے اپنا فوجی قبضہ ختم نہیں کرتا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی قابض افواج کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لینا ہو گا۔ عالمی برادری نے اگر خاموشی جاری رکھی تو جنوبی ایشیا ء کا امن تباہ ہو جائے گا۔ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی صورت میں خطہ کے اندر امن کا قیام ممکن نہیں۔

متعلقہ عنوان :