تعلیم و تربیت کے ذریعہ بچوں کی دین و دنیا سنوار کر والدین کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا اساتذہ کا کام ہے، ثمینہ الطاف

منگل 13 فروری 2018 15:08

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فی میل ثمینہ الطاف نے کہا ہے کہ بہتر تعلیم و تربیت کے ذریعہ بچوں کی دین و دنیا سنوار کر ان کے والدین کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا اساتذہ کا کام ہے، پاکستان بیت المال کے زیر انتظام چلنے والے سکول کے ساتھ اپنا ہرممکن تعاون جاری رکھیں گے، سکول انتظامیہ کی جانب سے ڈیمانڈ کے مطابق مفت کتابیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

وہ منگل کو پاکستان بیت المال کے کانگڑہ سکول میں بچوں میں یونیفارم تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رافیہ جدون، ڈسٹرکٹ کمیشن آن سٹیٹس فار ویمن کی ضلعی چیئرپرسن ممبر ضلع کونسل ساجدہ حسرت خان اور پی ٹی آئی ویمن ونگ کی ضلعی صدر ممبر تحصیل کونسل روبینہ شاہین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان بیت المال کے ضلعی آفیسر نیئر عباس جعفری نے سکول کے حوالہ سے مہمانوں کو بریفنگ دی اور سامان کی فراہمی پر پاکستان بیت المال، مجاہد گھی انڈسٹری کی انتظامیہ اور اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمن کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں سکول کے بچوں نے تلاوت کلام پاک، حمد، نعت رسول مقبول، قومی نغمے، ٹیبلو اور دیگر آئٹم پیش کئے۔ ثمینہ الطاف نے کہا کہ پاکستان بیت المال کے سکول میں زیر تعلیم مزدوروں کے بچوں کو دیکھ کر بہت دلی خوشی ہوئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سکول چلانے اور اس میں تعاون کرنے والوں پر الله تعالیٰ راضی ہے اور ان سے اتنا بڑا خیر اور بھلائی کا کام لے رہا ہے، انشاء الله محکمہ تعلیم بھی اس سکول کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، سکول انتظامیہ ڈیمانڈ دے آئندہ تمام درسی کتب مفت فراہم کریں گے، ہمارے پاس جو بچے آتے ہیں یہ کسی کا خواب ہوتے ہیں اورہم نے انہیں ڈاکٹر، انجینئر اور اچھا انسان بنا کر ان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے، بچوں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ معیاری تعلیم و تربیت پر مرکوز رکھیں۔

انہوں نے بچوں کو تحفظ کے حوالہ سے اخلاقی تربیت دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بیت المال کے سکول کو تربیتی سیشن میں شریک کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :