گلیات، ٹھنڈیانی اور بکوٹ کے پہاڑی علاقوں میں ہونے والی شدید برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا

بارش، برف باری اور سرد ہوائوں کی وجہ سے سردی میں غیر معمولی اضافہ، پہاڑی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں دیہی علاقوں کے مکینوں کو مواصلاتی نظام متاثر ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا

منگل 13 فروری 2018 15:05

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) گلیات، ٹھنڈیانی اور بکوٹ کے پہاڑی علاقوں میں ہونے والی شدید برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، بارش، برف باری اور سرد ہوائوں کی وجہ سے سردی میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے، پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، مواصلاتی نظام متاثر ہونے کے باعث دیہی علاقوں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ایبٹ آباد شہر، سرکل حویلیاں، سرکل لورہ اور سرکل شیروان میں ہونے والی شدید بارش اور ہلکی برف باری سے سردی کی شدت میں شدید اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سرکل گلیات اور سرکل بکوٹ اور ٹھنڈیانی میں ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ نتھیا گلی، ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی، خیرا گلی، ایوبیہ، خانسپور، ٹھنڈیانی اور سرکل بکوٹ کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں کئی مقامات پر بند ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

برف باری کے باعث بجلی کا نظام سخت متاثر ہوا ہے۔ برف باری اور بارش کے باعث ایبٹ آباد۔ جھاڑیاں سڑک بھی مختلف مقامات پر بند ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ایبٹ آباد شہر و پہاڑی علاقوں میں برف باری اور بارش کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے اور نظام زندگی کچھ حد تک متاثر ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دن بارش و برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کے امکانات ہیں۔