پنجاب حکومت کی طرف سے معروف گلوکارہ ناہید اخترکو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا گیا

ترجمان حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ کی نمائندگی کرتے ہوئے پرائڈ آف پرفارمنس گلوکارہ کی خدمات کے اعتراف میں چیک دیا ناہید اختر نے موسیقی میں نیا انداز متعارف کرایا،خواہش ہے دوبارہ گائیں،ملک احمد خان،برداشت کے موضوع پر سیمینار کرانے کا اعلان

منگل 13 فروری 2018 14:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) پنجاب حکومت کی طرف سے معروف گلوکارہ ناہید اختر کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ایک کروڑ روپے کا چیک دیاگیا۔ اس ضمن میں الحمرأ کلچرل کمپلیکس میں ایک سادہ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے پرائڈ آف پرفارمنس گلوکارہ ناہید اختر کو چیک دیا۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل کیپٹن (ر) عطا محمد خان اور ڈائریکٹر ذوالفقار احمد زلفی بھی موجود تھے۔ملک محمد احمد خان نے فن گائیکی کے فروغ میں ناہید اختر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے موسیقی میں نیا انداز متعارف کراکے صحیح معنوں میں اپنی آواز کاجادو جگایا۔ بلاشبہ پاکستان میں موسیقی کے شعبے میں گلیمر ناہید اخترکی وجہ سے آیا اور ان کے گانے آج بھی مقبول عام ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف معاشرے میں رواداری اور برداشت کے رجحان کے فروغ کیلئے فنون لطیفہ کو ایک اہم ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ملک احمد خان نے اعلان کیا کہ نوجوانوں خصوصاً طلبامیں انتہاپسندی کی حوصلہ شکنی کیلئے صوبائی سطح پر جلد ایک سیمینار کرایا جائے گا جس میں صوفیانہ کلام پر مبنی موسیقی کے مقابلے کرائے جائیں گے۔ پنجاب حکومت فنکار طبقے کی فلاح و بہبود کو مقدم سمجھتی ہے اور فنکاروں کی بہتری کے اقدامات جاری رہیں گے۔

ملک محمد احمد خان نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ناہید اختر دوبارہ گانا شروع کریں کیونکہ ان کی غیرموجودگی میں موسیقی کے شعبے میں پیدا ہونے والا خلا وہ خود ہی پُر کرسکتی ہیں۔گلوکارہ ناہید اختر نے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑروپے کا چیک وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی فنکاروں سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔ میں امداد ملنے پر بہت خوش ہوں۔

انہوں نے ترجمان پنجاب حکومت کی اس بات سے اتفاق کیا کہ موسیقی بالخصوص صوفیانہ کلام کے ذریعے نوجوان نسل کو برداشت اور رواداری کے سنہری اصولوں سے روشناس کرایاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کوشش کروں گی کہ اپنے مداحوں کیلئے دوبارہ گانا شروع کروں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل کیپٹن (ر) عطا محمد خان نے اس موقع پر ادارے کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل فنون لطیفہ کے فروغ کیلئے اہم پلیٹ فارم بن کے ابھرا ہے اور ناہید اختر بھی چاہیں تو دوبارہ اپنے فن کا آغاز اسی پلیٹ فارم سے کرسکتی ہیں۔