داعش کے زخمی سربراہ ابو بکر البغدادی شام کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں ،عراقی وزارت داخلہ کا دعویٰ

منگل 13 فروری 2018 14:37

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2018ء) عراقی وزارت داخلہ کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی زندہ ہیں، ایک فضائی کارروائی میں زخمی ہونے کے بعد وہ شام کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے سرکاری اخبار اس سباہ نے انٹیلی جنس اور انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ کے چیف ابو علی البصری کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ہمارے پاس دہشت گرد تنظیم کے اندرونی ذرائع سے موصول ہونے والی دستاویزات اور غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ ابوبکر البغدادی اب بھی زندہ ہیں اور شام کے شمال مشرقی جزیرے میں روپوش ہیں۔

خیال رہے کہ شام کے شمال مشرقی صوبے الحسکہ کے صحرا میں موجود داعش سرحد پار عراق میں تقریبا اپنی خلافت کھو چکی ہے۔عراقی انٹیلی جنس چیف نے مزید کہا کہ ابو بکر البغدادی کو ٹانگ اور جسم کے دیگر حصوں میں فریکچر، زخم اور شوگر کا مرض لاحق ہے، جس کے باعث وہ چل نہیں سکتے۔ داعش کے سربراہ عراق میں فضائی کارروائی میں زخمی ہوئے تھے۔