مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کارکن محمد یوسف ندیم کو گولی مار کر شہید کردیا گیا

کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف شوپیاں میں مسلسل چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال، تمام دکانیں، کاروباری مراکز بند ، سڑکوں پر ٹریفک معطل، پلوامہ اور شوپیاں کے اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی معطل

منگل 13 فروری 2018 14:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں ضلع بڈگام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کارکن محمد یوسف ندیم کو گولی مار کر شہید کردیا گیا جبکہ بھارتی پولیس کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف شوپیاںمیں مسلسل چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال جاری رہی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔

پلوامہ اور شوپیاں کے اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

(جاری ہے)

نامعلوم نوجوانوںنے مختلف مساجد کے لاڈ سپیکروں کے ذریعے شوپیاں میں مسلسل ہڑتال کا اعلان کیا۔ پولیس نے ضلع بھر سے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ دوسری طرف نامعلوم مسلح افراد نے ضلع بڈگام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کارکن محمد یوسف ندیم کو گولی مار کر شہید کردیا ہے ۔ضلع بڈگام کے گاں سندی پورہ کے رہائشی محمد یوسف ندیم کو نامعلوم مسلح افراد نے بیروہ کے علاقے چیرن گام میں گولی مار کر شہید کیا گیا ۔ محمد یوسف کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی کے ساتھ وابستہ تھے۔