عام لوگوں کی طرح شوبز کے لوگوں کو بھی زندگی میں بڑے مسائل درپیش ہوتے ہیں‘ فلمسٹار ثناء

اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دیتی ہوں ، اگلے ماہ ایک پروجیکٹ کی ریکارڈنگ کے لئے لاہور آئوں گی ‘ خصوصی گفتگو

منگل 13 فروری 2018 12:44

عام لوگوں کی طرح شوبز کے لوگوں کو بھی زندگی میں بڑے مسائل درپیش ہوتے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) فلمسٹار ثناء نے کہا ہے کہ ٹی وی دیکھنے والے لوگوں کا عام طور پر یہ تصور ہوتا ہے کہ شوبز سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی آسان زندگی بسر کرتے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے کیونکہ عام لوگوں کی طرح شوبز کے لوگوں کو بھی زندگی میں بڑے مسائل درپیش ہوتے ہیں۔ انہوں نے ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی پیدائش کے بعد زندگی کی روٹین بالکل تبدیل ہو جاتی ہے ، شروع میں ان کی چھوٹی چھوٹی بات کا خیال رکھنا پڑتا ہے اور جب وہ سکول جانے کے قابل ہو جاتے ہیں تو تب بھی ان کی تعلیم کے حوالے سے تمام معاملات پر بھرپور توجہ دینے پڑتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں روزانہ سات بجے بستر سے اٹھ جاتی ہوں اور بچوں کو سکول بھیجنے کے بعد دیگر گھریلو امور کی انجام دہی میں مصروف ہو جاتی ہوں اور پھر جب کوئی فلم یا ٹی وی پروجیکٹ کی شوٹنگ ہو تو اس کے لئے بھی باقاعدہ ایک ٹائم ٹیبل مقرر کرنا پڑتا ہے اور بچوں کے ساتھ شوہر کا بھی بھرپور خیال رکھنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

ثناء نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دیتی ہوں اور میری دیکھا دیکھی شوبز سے وابستہ کئی اور اداکارائوں نے بھی خود کو فٹ رکھنے کے لئے جم کو جوائن کرلیا ہے جو کہ ایک مثبت چیز ہے اور میرے خیال سے ہر شخص کو خود کو فٹ رکھنے کے لئے روزانہ ایکسر سائز کو اپنا معمول بنانا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اگلے ماہ ایک پروجیکٹ کیلئے لاہور آئیں گی اور چند روز ریکارڈنگ میں حصہ لیں گی ۔

متعلقہ عنوان :