تمام نئے تعینات ہونے والے ویٹرنری آفیسران خوب محنت اور لگن سے کام کریں‘ سیکرٹری زراعت ولائیو سٹاک

ڈاکٹر شہلا وقار نے ویٹرنری آفیسران کی تربیت اور محکمہ میں کام کرنے کی صلاحیت کو مزید بہتر کرنے کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کردیا

منگل 13 فروری 2018 12:34

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء)آزادکشمیر کی سیکرٹری زراعت ولائیوسٹاک،اسماء وآبپاشی ڈاکٹر شہلا وقار نے محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ آزادکشمیر کے زیر اہتمام 26نئے تعینات ہونے والے ویٹرنری آفیسران کی تربیت اور محکمہ میں کام کرنے کی صلاحیت کو مزید بہتر کرنے کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کردیاہے۔

ان آفیسران کی تربیتی ورکشاپ نظامت اعلیٰ لائیوسٹاک میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں ناظم اعلیٰ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر مطلوب حسین راجہ ،ناظمین ڈاکٹر کبیر حسین طاہر وڈاکٹر تصور حسین چیمہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن راجہ نصر اقبال خان کے علاوہ دیگر محکمہ کے آفیسران نے بھی شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شہلا وقار سیکرٹری زراعت ولائیوسٹاک نے کہا کہ تمام نئے تعینات ہونے والے ویٹرنری آفیسران خوب محنت اور لگن سے کام کریں ۔

(جاری ہے)

اپنی حاضری کو یقینی بنا کر زمینداروں کے مال مویشی کا علاج معالجہ کریں اور محکمہ کی توسیع سرگرمیوں سے کسان حضرات کو آگاہ کریں۔ تقریب سے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر مطلوب حسین راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کی خصوصی ہدایات پر محکمہ کی مزید ترقی کے لیے مختلف ترقیاتی سکیمیں شروع کی گئی ہیں اور کچھ سکیم ہا جلد منظوری کے آخری مراحل میں ہیں۔ آپ تمام ویٹرنری آفیسران خوب محنت سے کام کریں تاکہ محکمہ کی نیک نامی میں مزید اضافہ ہو۔