خط میں سفید پاؤڈر ملنے پر ٹرمپ جونیئر کی اہلیہ ہسپتال منتقل

ونیسا ٹرمپ اور موقع پر موجود دو دیگر افراد کو فائرفائٹرز نے تشخیص کے لیے ہسپتال پہنچایا،نیویارک پولیس

منگل 13 فروری 2018 11:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) امریکہ میں سفید پاوڈر والے ایک خط کا لفافہ کھولنے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بہو ونیسا ٹرمپ کو حفاظتی اقدامات کے تحت ہسپتال لے داخل کرادیاگیا۔یہ خط ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ٹرمپ جونئیر کے نام تھا اوراس پر ان کے مین ہٹن اپارٹمنٹ کا پتا درج تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی پولیس نے کہاکہ ونیسا ٹرمپ اور موقع پر موجود دو دیگر افراد کو فائرفائٹرز نے تشخیص کے لیے ہسپتال پہنچایا۔

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ انھیں خط میں موجود سفید سفوف کی جانچ کی ہے اور تصدیق کی ہے کہ وہ غیرمضر تھا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بظاہر ونیسا ٹرمپ اس چیز سے جسمانی طور پر متاثر نہیں ہوئی ہیں۔بعدازاں ٹرمپ جونیئر نے ٹویٹ کیا کہ ان کا خاندان محفوظ ہے اور انھوں نے اس واقعے کو ’ناگوار‘ قرار دیا۔

(جاری ہے)

نیویارک کے فائر ڈیپارٹمنٹ نے میڈیا کی جانب سے کی جانے والی کالز پولیس کو منتقل کیں تاہم انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ تین افراد کو ویل کورنل میڈیکل سینٹر پہنچایا گیا تھا۔

وائٹ ہاوس کی ترجمان سارا سینڈرز نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ونیسا ٹرمپ جونیئر سے بات چیت کی ہے۔مقامی حکام کے مطابق پولیس کو کال مقامی وقت کے مطابق دس بجے صبح (شام تین بجے جی ایم ٹی وقت) کے قریب کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ جونیئر کے اپارٹمنٹ کو اب صاف کیا جا رہا ہے۔امریکی سیکرٹ سروس کا کہناتھا کہ وہ موصول ہونے والے ایک مشکوک پیکٹ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :