احتساب کے نام پر انتقام کا جواب لودھراں کے عوام نے دے دیا، نواز شریف

لودھراں کا فیصلہ بھی احتساب کے نام پر انتقام کا عوامی جواب ہے۔ جب الزام ہی نہیں تو سزا کیوں ہوگی؟ سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 13 فروری 2018 10:04

احتساب کے نام پر انتقام کا جواب لودھراں کے عوام نے دے دیا، نواز شریف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13فروری۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ احتساب کے نام پر انتقام کا جواب کل لودھراں کے عوام نے دے دیا، میرا مقدمہ عوام لڑ رہے ہیں جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی مثالیں دیکھ رہے ہیں اور کل لودھراں میں اس کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں پر سارا زور چلتا ہے، دہرے معیار کہاں تک چلیں گے، سیاسی لیڈروں کو بھی خود خیال نہیں آتا کہ ملک کو کہاں لے کر جانا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے خلاف موجودہ ریفرنسز میں کوئی جان ہوتی تو ضمنی ریفرنس کی ضرورت نہ ہوتی، وہ چاہتے ہیں کہ نواز شریف کو کسی نہ کسی طرح سزا ہو۔

(جاری ہے)

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ضمنی ریفرنس کب تک اور کیوں کر آتے رہیں گے، ان ریفرنسز سے تاثر ہی نہیں یقین ہونے لگا ہے کہ ان میں کچھ بھی نہیں، ضمنی ریفرنس میں الزامات کو ری پیکج کر کے پھر شامل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر ہم سے انتقام لیا جا رہا ہے لیکن جھوٹے مقدمات کا جواب عوام دے رہے ہیں، ووٹ کے تقدس کی مثالیں عوامی ردعمل کی صورت میں دیکھ رہے ہیں ے اور لودھراں کا فیصلہ بھی احتساب کے نام پر انتقام کا عوامی جواب ہے۔ جب الزام ہی نہیں تو سزا کیوں ہوگی؟ احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے، جنہوں نے ریفرنس بنا کر بھیجے وہ چاہتے ہیں نواز شریف کوسزا ہو۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ سے انتقال کیوں لیا جارہا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے تو خود معلوم نہیں، مجھ سے انتقام لینے والے ان سے انتقام لیں جنہوں نے دو بار آئین توڑا، آئین توڑنے اور ججز کو گرفتار کرنے والے کس کے مجرم ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ آج سب سے بڑے مجرم ہم بنے ہوئے ہیں اور وہ جنہوں نے دو دو مرتبہ آئین توڑا انہیں نہیں پکڑا، کیا ان تک پہنچتے ہوئے پر جلتے ہیں۔