اللہ کے فضل اور پاکستان مسلم لیگ ن کی محنت سے 2018 کے الیکشن کا چاند آج لودھراں سے نکل آیا ہے،محمد نواز شریف اور مسلم لیگ نے عوام سے کیے وعدے پورے کئے جس کا نتیجہ نکل رہا ہے،لو دھراں میں مسلم لیگ ن کی جیت محمد نوازشریف کی عدل اور عوام کے ووٹ کے تقدس کی بحالی کی تحریک کی فتح کی پہلی نوید ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قائد محمد نواز شریف پر اعتماد کے اظہار پر لودھراں کے عوام کے شکر گزار ہیں،مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدوار پیر اقبال شاہ کو مبارکباد اور لودھراں کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں

وزیر مملکت اطلاعات‘نشریات ‘قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب

منگل 13 فروری 2018 00:00

اسلام آباد ۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وزیر مملکت اطلاعات‘نشریات ‘قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل اور پاکستان مسلم لیگ ن کی محنت سے 2018 کے الیکشن کا چاند آج لودھراں سے نکل آیا ہے،محمد نواز شریف اور مسلم لیگ نے عوام سے کیے وعدے پورے کئے جس کا نتیجہ نکل رہا ہے،عمران صاحب لودھراں کے نتیجے کے بعد 2018 کے الیکشن کے بعد جو رونے کا کنٹینر لگانا ہے اٴْس کی تیاری ابھی سے شروع کر دیں ۔

پیر کو اپنے بیان میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدوار پیر اقبال شاہ کو مبارکباد اور لودھراں کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کے عوام نے آج عمران صاحب کی جھوٹ ،گالم گلوچ، انتشار اور فساد پر مبنی سیاست کو دفن کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لو دھراں میں مسلم لیگ ن کی جیت محمد نوازشریف کی عدل اور عوام کے ووٹ کے تقدس کی بحالی کی تحریک کی فتح کی پہلی نوید ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قائد محمد نواز شریف پر اعتماد کے اظہار پر لودھراں کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی مسلسل کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کے عوام ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے کیساتھ ہیں۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ چند سیاسی اندھوں کے سوا پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کہ محمد نوازشریف کی نااہلیت اہلیت میں بدل رہی ہے،2018 کے انتخاب میں بھی پاکستان کے عوام دھرنوں، لاک ڈاؤن اور کنٹینر کی سیاست کو مسترد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف اہل ہیں یا نااہل پاکستان کے عوام کی عدالت فیصلہ سنا رہی اور نوٹس پہ نوٹس جاری کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب عوام کے دل اور محبت پیسے اور جھوٹ بول کے خریدے نہیں جا سکتے ۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب عوام اب صرف کارکردگی پر ووٹ دے گی جو آپ کو 2013 سے سمجھا رہے تھے اب اٴْس کا وقت بھی گزر گیا، آپ کی قسمت میں لوگوں کی خدمت ہے ہی نہیں۔