سندھ،پنجاب اوربلوچستان کے مختلف حصوں میں کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری

اّزاد کشمیر، ملکہ کوہسار مری، نتھیا گلی اور گلیات کے مختلف علاقوں میںبرف باری کے باعث مختلف شاہراہیں آمدرفت کیلئے بند ہوگئیں ، مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ رات گئے ، گلگت بلتستان میں بارش اور برف باری کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہنے کا امکان، میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹوں میں ختم ہو جائے گا۔محکمہ موسمیات

پیر 12 فروری 2018 23:16

سندھ،پنجاب اوربلوچستان کے مختلف حصوں میں کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارش ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2018ء) سندھ،پنجاب اوربلوچستان کے مختلف حصوں میں کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ اّزاد کشمیر، ملکہ کوہسار مری، نتھیا گلی اور گلیات کے مختلف علاقوں میںبرف باری کے باعث مختلف شاہراہیں آمدرفت کیلئے بند ہوگئی ہیں۔آزادکشمیر کے چار اضلاع کا زمینی رابطہ راولپنڈی اور اسلام آباد سے منقطع ہوگیاگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ برف باری مالم جبہ میں ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے رپورٹ کے مطابق مالم جبہ میں سب سے زیادہ 3 فٹ برف باری ریکارڈ کی گئی جبکہ آزادکشمیر، نتھیا گلی اور گلیات میں شدید برف باری کی وجہ سے راستے بند ہوگئے جس کے نتیجے میں تقریباً 800 گاڑیاں اور سیکڑوں سیاح پھنس گئے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کے چار اضلاع کا زمینی رابطہ راولپنڈی اور اسلام آباد سے منقطع ہوگیا ہے، مظفرآباد، باغ، نیلم، اور جہلم ویلی سے اسلام آباد، پنڈی اور لاہور جانے والی سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔

برف باری کی وجہ سے پھنسے افراد میں سے ایک خاتون گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکٹروں گاڑیاں اور لوگ گزشتہ کئی گھنٹوں سے پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ برف باری انتہائی شدید ہورہی ہے جبکہ ڈرائیورز نے ایندھن ختم ہونے کے ڈر سے انجن بند کردیے ہیں اور ہیٹر بھی نہیں چل رہے۔انہوں نے بتایا کہ بچے بھوک سے رو رہے ہیں اور اّس پاس کوئی ہوٹل بھی نہیں جبکہ موبائل فونز کی بیٹریاں بھی ختم ہورہی ہے۔

خاتون کے مطابق برف ہٹانے اور راستے کلیئر کرانے کا کوئی انتظام نظر نہیں اّرہا اور نہ ہی برف ہٹانے کے لیے کوئی مشینری استعمال کی جارہی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر نے بند راستوں کو فوری کھولنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔فاروق حیدر نے اپنے بیان میں کہا کہ انتظامیہ اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ فوری طور پر بند راستوں کو کھلوانے کے انتظامات کرے اور پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کو بحال کیاجائے، راولپنڈی اسلام آباد روٹ کی روانی ممکن بنائی جائے،برفانی علاقوں میں پھنس جانیوالوں کی رہنمائی اور ہر ممکن مدد کی جائے۔ادھر کمشنر ہزارہ کا کہنا ہے کہ شدید برفباری کے باوجود نتھیاگلی، مری روڈ کھولنے کی کوششیں جاری ہیں،گلیات میں پھنسے تمام سیاحوں کو جلد ازجلد نکالا جائے گا، شدید برفباری کے موسم میں سیاح گلیات جانے سے اجتناب کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں اب تک 1 فٹ سے زیادہ برف باری ہو چکی ہے، کالام میں 6 انچ، زیارت میں 3 انچ برف باری ہوئی ہے۔ اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ کے مقام پر 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹوں میں ختم ہو جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں بارش اور برف باری کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔وادی زیارت نے بھی برف کی چادر اوڑھ لی ہے جب کہ کوڑک ٹاپ پر شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور نیٹو سپلائی سمیت ہیوی ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں فیصل آباد، بہاول پور، میانوالی، کمالیہ ، چیچہ وطنی، وہاڑی سمیت دیگر شہروں میں بارش ہوئی۔ میرپورآزاد کشمیر اور کوٹلی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بوندا باندی ہوئی۔

متعلقہ عنوان :