عوام معاشرے کی بہتری میں اپنابھر پور کردار ادا کریں‘ عوام کے تعاون کے بغیر بار اور بینچ کا اپنا مقصد حاصل کرنا دشوار ہو گا،

چیف جسٹس بلوچستا ن ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکان زئی کا تقریب سے خطاب

پیر 12 فروری 2018 23:06

کوئٹہ۔12فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکان زئی نے جوڈیشل کمپلیکس نوشکی کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر چیف جسٹس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کو کافی خوشی ہے کہ آج نئے جوڈیشل کمپلیکس نوشکی کا سنگ بنیاد رکھاجارہا ہے جو انصاف کی رسائی میں نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اسی طرح بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر تومکمل ہوچکی ہے یا تعمیرات جاری ہیں اور دیگر علاقوں میں آئندہ تعمیرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

جس کے لئے حکومت ہر تعاون کیلئے تیار ہے اور اسی طرح جوڈیشل آفسیران کی رہائش گاہوں کی تعمیر بھی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ دالبندین میں بھی سیشن ڈویژن کا قیام عمل میںلایا جارہاہے اور سیشن جج بھی تعینات کیا گیا ہے اسکے علاوہ اے ٹی سی عدالت اور سینئر سول جج کی عدالتیں بھی نوشکی میں کام کررہی ہیں جو لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے سلسلے کی اہم کڑیاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بار اور بینچ پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو جلد اور سستا انصاف فراہم کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ چیف جسٹس نے عوام سے بھی کہا کہ معاشرے کی بہتری میں اپنابھر پور کردار ادا کریں کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر بار اور بینچ کا اپنا مقصد حاصل کرنا دشوار ہو گا۔ اس سے قبل نوشکی بار کے صدر پیر جان مینگل ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کو خوش آمدید کہا اور انصاف کی رسائی کے حوالے سے چیف جسٹس کے اقدامات اور کاوشوں کو بے حد سراہتے ہوئے کہاکہ انکے اقدامات اور کاوشوں کو لو گ صدیوں تک یاد رکھیں گے۔

اس موقع پر رجسٹر ار ہائی کورٹ روزی خان بڑیچ ، انسپکشن جج منور احمد شاہوانی، سیشن جج نوشکی نور وزہوت ڈی سی ظفر بلوچ، بی اینڈ آر کے چیف علی احمد مینگل، جوڈیشل آفیسران اور انتظامی آفیسران کے علاوہ علاقے کے معتبرین کا فی تعداد میں موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :