حکومت نے سیاسی مخالفت ، اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے خاتمے ، دہشتگردی پر قابو پانے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ، رانا ثناء اللہ

پیر 12 فروری 2018 22:47

حکومت نے سیاسی مخالفت ، اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے خاتمے ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بے جا سیاسی مخالفت اور اُچھے ہتھکنڈوں کے باوجود لوڈشیڈنگ کے خاتمے،دہشتگردی پر قابو پانے اور سی پیک کے انقلابی منصوبے کے اجراء سمیت ترقیاتی میدان میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں لہذا پارٹی ورکرز یہ پیغام گھر گھر پہنچائیں تاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کی کارکردگی کے سلسلے میں کوئی ابہام نہ رہے۔

انہوں نے یہ بات ڈجکوٹ روڈ پر یونین کونسل نمبر112کے علاقہ آبادی پرانی سنٹرل جیل میں منعقدہ ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔یونین کونسلز کے چیئرمین عتیق الرحمن انصاری،شرافت علی خٹک،عاشق رحمانی،میاں رشید،شفیق انصاری،سلیم جٹ،رانا سعید بلا،شعبان گل ،مفتی مظفراقبال ودیگر کے علاوہ کاشف گجر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خاں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمدنواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی قیادت میں پاکستان اورصوبہ پنجاب میں اقتدار سنبھالتے ہی عوامی خدمت کا تیز رفتار مشن شروع کیا اور سیاسی مخالفین ترقی کے اس معیار سے بوکھلاگئے اور انہوں نے ترقیاتی عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کے لئے دھرنے،لاک ڈائون،افراتفری اور انتشار سمیت دیگر طرح طرح کے حربے استعمال کئے لیکن ان تمام رکاوٹوں کے باوجود ملک میں بجلی پیدا کرنے کے اس قدر کارخانے لگائے گئے جن کی بدولت لوڈ شیڈنگ تقریبا ختم ہوچکی ہے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی پر کافی حد تک قابوپالیا گیا ہے ۔

سی پیک کا منصوبہ پاکستان کاروشن مستقبل ہے جسے روکنے کے لئے دھرنا پارٹی نے انتشار برپاکرکے چائنا کے صدر کا دورہ موخر کرایا لیکن حکومت نے تمام چیلنجز کامقابلہ کرکے اس منصوبے کو آگے بڑھایا ہے۔اس سے قبل کسی حکومت نے سی پیک کانام بھی نہیں لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس حکومتی دور میں 5ہزارارب روپے سے زیادہ لاگت کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جو اپنی شفافیت ومیرٹ کی عمدہ مثال ہیں اوردیانتداری کے اعلیٰ معیار کی بدولت سیاسی مخالفین کی کوششوں کے باوجود ایک پائی کی کرپشن کی نشاندہی نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہی حکومت کا اولین مشن ہے جسے عوامی اعتماد اورحمایت سے جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے ورکرزکنونشن میں علماء کرام اورپارٹی کارکنوں کے مطالبہ پر پرانی سنٹرل جیل چوک کانام’’ختم نبوت چوک‘‘رکھنے کا نوٹیفکیشن بھی علماء کرام کے حوالے کیا اور کہا کہ دیرینہ مطالبہ پورا کرنے کے لئے وہ سرکاری نوٹیفکیشن اپنے ساتھ لائے ہیں۔

اس سے قبل ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے میزبان/چیئرمین یونین کونسل عتیق الرحمن انصاری ،مفتی مظفراقبال اوردیگر مقررین نے موجودہ حکومت کی کارکردگی میں اضافہ اور حلقہ کے عوام کی خدمت میں صوبائی وزیر قانون کی عمدہ ومثالی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عوامی خدمت کے میدان میں مسلم لیگ ن کی اعلیٰ کارکردگی کی بدولت عوامی حمایت حاصل ہے اور رانا ثناء اللہ خاں کی ترقیاتی دلچسپی وعوامی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

قبل ازیں صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خاں جب ورکرکنونشن میں شرکت کے لئے پہنچے تو پارٹی کارکنوں نے انکا والہانہ استقبال کیا۔ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی اورشیرآیا شیر آیا کہ فلک شگاف نعرے لگائے۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے ترانے بھی بجائے گئے جن سے پارٹی کارکنوں کا جوش وجذبہ دیدنی تھا۔

متعلقہ عنوان :