ریلوے کی بحالی اور ترقی کی منصوبہ بندی کی بنیاد حقائق اور اعدادوشمار پر رکھی جا رہی ہے ،وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق

پیر 12 فروری 2018 22:44

ریلوے کی بحالی اور ترقی کی منصوبہ بندی کی بنیاد حقائق اور اعدادوشمار ..
لاہور۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی بحالی اور ترقی کی منصوبہ بندی کی بنیاد خواہشات اور تصورات کی بجائے حقائق اور اعدادوشمار پر رکھی جا رہی ہے ، پاکستان ریلوے کی ترجیحات میں ادارے اور قوم کا مفاد سب سے پہلے ہے ،ریلوے کے نظام میں ترقی اور جدت کے لئے ہمارے دروازے تمام قومی اور بین الاقوامی اداروں کے لئے کھلے ہیں ، ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پاکستان ریلوے کی مستقبل کی ضروریات اور منصوبہ بندی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے جیسے اہم سٹر یٹیجک قومی ادارے کی نج کاری اور نیلامی کا خطرہ ٹل چکا ہے اور اب ہمیں سسٹم کی اپ گریڈیشن کے بارے میں تیزی اور تندہی کے ساتھ کام کرنا ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کی وزارت ،ریلوے ہیڈکوارٹرز اور سی پیک ٹیم کو سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لئے الگ الگ منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ تینوں سطحوں پر مستقبل کی ریلوے کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے پلاننگ کی نگرانی خود کریں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے چین کی طرف سے ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے لئے تعاون کو سراہا اور کہا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست اور ہمسایہ ہے تاہم ہمیں ریلوے کے پورے نظام کی بہتری کے لئے تمام آپشنز کو بروئے کار لانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جو قومی اور بین الاقوامی ادارے پاکستان ریلوے میں بہتری اور جدت کے لئے ہمارے ساتھ چلنا چاہیں گے پاکستان ریلوے ان کے ساتھ سنجیدہ اور بامقصد بات چیت کرے گا، پاکستان ریلویز نے چار سے پانچ برسوں میں بحالی اور استحکام کا تاریخ ساز سفر طے کیا ہے مگر ہم آنے والے وقتوں میں فریٹ ،ٹریفک کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بھی اپنا شیئر نمایاں طور پر بڑھانا چاہتے ہیں اور اس کے لئے ہمیں اس آپشن پر بھی غور کرنا ہے کہ کسی دوسرے کی مدد اور قرض کے بغیر ترقی اور جدت کا سفر طے کر سکیں۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد جاوید انور ،مشیر ریلوے انجم پرویز اور سی پیک ٹیم لیڈر اشفاق خٹک سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :