گورنرسندھ محمد زبیر سے آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان کی ملاقات

دو طرفہ تعلقات ، صوبہ میں کشمیریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات،معاشی و اقتصادی خوشحالی سمیت اہمیت کے حامل امو ر پر تبادلہ خیال

پیر 12 فروری 2018 22:43

گورنرسندھ محمد زبیر سے آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جاری صورتحال ، دو طرفہ تعلقات ، صوبہ میں کشمیریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات ، امن و امان کے قیام، معاشی و اقتصادی خوشحالی اورغیر ملکی سرمایہ کاری ، سیاحتی مقامات کو مزید وسعت دینے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے مظالم کے باوجود کشمیری عوام کا عزم متزلزل نہیں ہوا بلکہ وہ اورمزید پر جوش طریقہ سے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کھڑے ہوگئے ہیں جو کہ ان کا بنیادی حق بھی ہے ، بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خوشحالی کی جانب گامزن ہے ،امن و امان کے قیام کے بعد معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، کاروباری ، سماجی ، سیاسی ، ثقافتی اور دیگر سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہورہا ہے ، ترقیاتی کاموں سے عوام کا معیار زندگی بھی بلند کرنے میں مدد مل رہی ہے ، سی پیک سے پاکستان کو عالمی تجارت میں کلیدی اہمیت حاصل ہوگی اس ضمن میں صنعتی ، تجارتی اور کاروباری علاقوں میں انفرااسٹرکچر پر ترجیحی بنیادوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ترقی و خوشحالی کے عمل میں زیادہ سے زیادہ عوام کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اس ضمن میں صوبہ میں کشمیریوں کے علاقوں میں بھی ترجیحی بنیادوں پر کام کئے جا رہے ہیں ، کشمیری عوام صوبہ کی ترقی و خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں جبکہ شعبہ ہائے زندگی میں کشمیری عوام کو بھرپور موقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحتی مقامات کو مزید فروغ دینے کے لئے حکومتی اقدامات سے سیاحت کے شعبہ کو فروغ حاصل ہو رہا ہے اس ضمن میں صوبہ کے سیاحتی مقامات کے فروغ کے لئے وفاق ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کررہا ہے ۔ملاقات میں آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری آزادی کی جدوجہد میں پاکستان کی غیر مشروط سفارتی ، اخلاقی او ر سیاسی حمایت کو کشمیری عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، آزاد کشمیر کے پر فضا مقامات کو پوری دنیا میں منفرد اہمیت حاصل ہے ، سیاحتی مقامات کے فروغ کے لئے پاکستانی حکومت کے بھرپور تعاون سے سیاحت کا شعبہ گذشتہ کئی برس سے اہم ثابت ہورہا ہے ، سیاحت کے فروغ سے لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہو رہے ہیں ، جو کہ خوش آئند ہے۔