آرٹس کونسل کراچی میں ایران کے معروف آرٹسٹ پرویز عابدی کی پینٹنگ کی نمائش کا افتتاح ایرانی قونصل جنرل نے کردیا

ایران اور پاکستان دونوں برادر اسلامی ملک ہیں جن کے تعلقات ہر سطح پر بہت مضبوط ہیں، آرٹس کونسل کراچی پاکستان کا ایک بڑا ثقافتی ادارہ ہے، احمد محمدی

پیر 12 فروری 2018 22:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ایران کے معروف آرٹسٹ پرویز عابدی کی پینٹنگ کی نمائش کا افتتاح گزشتہ روز قونصل جنرل ایران احمد محمدی نے کیا۔ افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل احمد محمدی نے کہاکہ ایران اور پاکستان دونوں برادر اسلامی ملک ہیں جن کے تعلقات ہر سطح پر بہت مضبوط ہیں، آرٹس کونسل کراچی پاکستان کا ایک بڑا ثقافتی ادارہ ہے۔

یہاں آکر مجھے بہت خوشی ہوئی۔ ایرانی آرٹسٹ کی نمائش کے ذریعے ہم ثقافتی تعلقات کا آغاز کررہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں اِن ثقافتی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی اور دونوں ممالک کے کلچر کے فروغ کے لئے وفود کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستانی ایران میں آکر آرٹ و کلچر کو سیکھیں تاکہ ان کو اسلامی کلچر سے آگاہی حاصل ہوسکے۔

(جاری ہے)

آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے جو تجاویز دی ہیں ان پر عمل کرنے کے لئے ایرانی قونصل خانہ جلد کام کرے گا۔اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہاکہ ایران اور پاکستان کے تعلقات ہزاروں سال پرانے ہیں آرٹس کونسل کراچی نے جشن حضرت امام خمینی بھی منعقد کیا تھا۔پاکستان اور ایران کے درمیان اُخوت و بھائی چارے کا بھی رشتہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل کراچی ایک بہت پرانا آرٹ اسکول چلا رہا ہے ہماری خواہش ہے کہ ایرانی آرٹسٹ پاکستان میں آکر ہمارے بچوں کو تربیت دیں اور آرٹس کونسل میں ورکشاپ منعقد کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی طلبہ کو ایرانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع بھی دیئے جائیں۔ آرٹسٹ پرویز عابدی نے کہاکہ میری یہ پاکستان میں دوسری نمائش ہے مجھے آکر بہت خوشی ہوئی۔ تقریب میں آرٹسٹوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمائش تین روز تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :