پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کا سندھ میں کوئی مستقبل نہیں ہے،افتخار سومرو

سندھ کے کرپٹ حکمرانوں نے کراچی سے لے کر اوباڑو تک غریب عوام کا کچومر نکال دیا ہے، آغا ارسلان خان

پیر 12 فروری 2018 22:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکریٹری افتخار سومرو ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری آغا ارسلان خان اوردیوان سچل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کا سندھ میں کوئی مستقبل نہیں ہے۔ سندھ کے عوام باشعور ہوچکے ہیں۔ مزید کسی لٹیرے اور چور حکمران کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

سندھ کے وسائل لوٹنے والوں کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ سندھ کے کرپٹ حکمرانوں نے کراچی سے لے کر اوباڑو تک غریب عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، خیرپوراور مٹیاری کے عہدیداروں کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

افتخار سومرو نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شوگر مل مالکان کے ساتھ مل کر آبادگاروں کا بدترین استحصال کر رہی ہے۔

عدالت کے مطابق نرخ نہ دے کر ملز مالکان توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ گنے کی کٹائی نہ ہونے کی وجہ سے گندم کی کاشت میں بھی تاخیر ہورہی ہے جو کہ سندھ کے کاشتکاروں اور ہاریوں کے ساتھ سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔ حکومتی سرپرستی میں ملز مالکان عدالتی احکام کی نفی کررہے ہیں۔ اگر صوبائی حکومت اور ملز مالکان کا یہی رویہ رہا تو آئندہ سال گندم کے بحران کا خدشہ بھی پیدا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب حکمران خود کرپشن میں ملوث ہوں تو تمام ادارے خودبخود کرپشن کا شکار ہوجاتے ہیں۔