انسداد دہشتگردی عدالت نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران علی پر فرد جرم عائد کر دی ،پہلے روز 22گواہان کے بیانات ریکارڈ

کوٹ لکھپت جیل میں کیس کی سماعت ہوئی ، جج نے ملزم کو چالان میں درج قتل، اغوا، زیادتی اور دہشتگردی سمیت تمام الزامات پڑھ کر سنائے

پیر 12 فروری 2018 21:52

انسداد دہشتگردی عدالت نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران علی پر فرد جرم عائد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران علی پر فرد جرم عائد کردی ، پہلے روز 22گواہان کے بیانات ریکارڈ کر لئے گئے جبکہ مزید سماعت آج منگل صبح نو بجے تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سجاد احمد نے زینب قتل کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

جج نے چالان میں درج قتل، اغوا، زیادتی اور دہشتگردی سمیت تمام الزامات ملزم عمران کو پڑھ کر سنائے جس کے بعد ملزم پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔اس سے قبل ہفتے کو ملزم کو چالان کی نقول فراہم کی گئی تھیں۔ پہلے روز کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی سماعت کے دوران 22گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے ۔ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر جنرل احتشام قادر سمیت دیگر اعلیٰ جوڈیشل افسران بھی موجود تھے۔عدالت نے سماعت آج (منگل )صبح نو بجے تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی افسران سمیت 10گواہان کو طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :