پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت عدلیہ کا احترام کرتی ہے، محمد نواز شریف ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بطور وزیر خزانہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نہایت اہم کردار ادا کیا ہے

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 12 فروری 2018 21:04

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت عدلیہ کا احترام کرتی ہے، محمد نواز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ عدلیہ ریاست کا اہم ستون ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت عدلیہ کا احترام کرتی ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کبھی عدلیہ پر تنقید نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر ایک پیسے کی کرپشن کا بھی کوئی کیس ثابت نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف آج بھی ملک کے سب سے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں اور بڑے بڑے عوامی جلسوں سے ان کا خطاب اس بات کا واضح ثبوت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی قیادت میں پوری طرح متحد ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات بروقت اور آئین کے مطابق ہوں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پر تنقید ناحق ہے کیونکہ انہوں نے بطور وزیر خزانہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نہایت اہم کردار ادا کیا۔ مشاہداللہ خان کا کہنا تھا کہ میاں رضا ربانی ایک جمہوری اور سینئر سیاستدان ہیں جن کا بطور چیئرمین سینیٹ کردار قابل قدر اور لائق تحسین ہے۔ مشاہد حسین سید کو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاشبہ مشاہد حسین سید ایک اچھے سیاستدان ہیں۔