الیکشن کمیشن نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیوایم کا کنوینر تسلیم کرلیا

ایم کیو ایم پاکستان کی رجسٹریشن خالد مقبول صدیقی کے نام ہوگئی، الیکشن کمیشن

پیر 12 فروری 2018 20:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) الیکشن کمیشن نے خالد مقبول صدیقی کو دو تہائی اکثریت کے باعث ایم کیوایم کا کنوینر تسلیم کرلیا جب کہ پارٹی بھی ان کے نام سے رجسٹرڈ ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کو پارٹی کنوینر تسلیم کرلیا، انہیں دو تہائی اکثریت کے باعث کنوینر تسلیم کیا گیا جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رجسٹریشن خالد مقبول صدیقی کے نام ہوگئی۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما فروغ نسیم نے کہا ہے کہ اصل ایم کیوایم بہادرآباد دفترمیں ہے، ایم کیوایم پاکستان اپنے نام سے رجسٹرڈ ہے، فاروق ستارکے نام سے نہیں جب کہ رابطہ کمیٹی میں کوئی سرکاری ملازم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کنوینرکو فارغ کر سکتی ہے اور پارٹی آئین کے تحت رابطہ کمیٹی جسے چاہے ٹکٹ دے سکتی ہے جب کہ فاروق ستار اگر قانونی چارہ جوئی کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔

اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کو تحلیل کرتے ہوئے 17 فروری کو کے ایم سی گرانڈ پر انٹرا پارٹی انتخابات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ پہلے پارٹی کے انتخابات کا انعقاد کریں گے پھر الیکشن 2018 لڑیں گے۔واضح رہے کہ رابطہ کمیٹی نے پارٹی کے سربراہ فاروق ستار کو کنوینر کے عہدے سے برطرف کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کو کنوینر منتخب کرلیا تھا۔