سینیٹ انتخابات سبوتاژ کرنے کی سازشیں ناکام ہوگئیں، عام انتخابات بھی مقررہ وقت پر ہونگے ‘پیر اعجاز ہاشمی

متحدہ مجلس عمل بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی، سیکولر قوتیں ناکام ہوں گی‘جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر کی وفود سے گفتگو

پیر 12 فروری 2018 20:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں ناکام ہوچکی ہیں۔ ایوان بالا کی52 نشستوں اور قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ جمہوری نظام کو خراب کرنے اور گالی گلوچ کی سیاست متعارف کروانے والے ناکام ہوچکے ہیں۔

پارلیمنٹ اور حکومت اپنا وقت پورا کرکے جمہوری استحکام کا باعث بنے گی۔ عدلیہ نے بھی اعلیٰ روایات قائم کی ہیں۔ احتساب سب کا بلا امتیاز ہونا چاہیے۔ قوم اس پر مطمئن نظر آتی ہے۔ وی آئی پی کلچر کے خاتمے اور عوام کو تنگ کرنے والی رکاوٹیں ہٹانے کا چیف جسٹس کا حکم قابل تعریف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جمعیت علما پاکستان جمہوریت کا استحکام اور کرپٹ عناصر کا احتسا ب چاہتی ہے۔ سینیٹ کے انتخابات کابروقت انعقاد اطمینان بخش اقدام ہے۔ امید کرتے ہیں کہ پارلیمنٹ پر لعنت کرنے والے خود ہی شرمند ہ ہوجائیں گے۔ کیونکہ وہ ابھی تک اسی مقدس ایوان کا حصہ بن کر بیٹھے ہیں، جس پر لعنت بھیجتے رہے اور استعفے دینے کی باتیں کرتے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ گالی گلوچ کی سیاست کو متعارف کروانے والے ناکام ہوں گے ، عوام انہیں مسترد کردیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔ جس میں تمام اسلامی مکاتب فکر کی موثر نمائندہ جماعتیں موجود ہیں۔ جو ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ چاہتی ہیں۔ انشااللہ سیکولر قوتیں ناکام ہوں گی ۔

متعلقہ عنوان :