وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت پیش، ان کا انتقال ملک کے لئے بڑا نقصان قرار

جنرل پرویز مشرف نے نومبر 1999ء میں ہمیں گرفتار کر کے جیل میں ڈالا ، سب سے پہلی آواز عاصمہ جہانگیر نے اٹھائی تھی، انہوں نے ہمیشہ مظلوم طبقات کے لئے بلا امتیاز آواز اٹھائی، وہ ایک عظیم عورت تھیں،خواجہ محمد آصف

پیر 12 فروری 2018 19:10

وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت پیش، ان کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو ملک کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر نے ہمیشہ ہر مرحلے پر آئین اور پارلیمنٹ کا دفاع کیا۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر ایسی شخصیت تھیں کہ ان کے لئے تعزیتی قرارداد منظور ہونی چاہیے جس پر وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 1960ء کی دہائی میں ان کے والد رکن قومی اسمبلی تھے جنہوں نے جمہوریت کے لئے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں، یعنی ان کے خاندان کی جدوجہد 60 سالوں پر محیط ہے۔

عاصمہ جہانگیر نے بھی اپنے والد کی جدوجہد کو جاری رکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب جنرل پرویز مشرف نے نومبر 1999ء میں ہمیں گرفتار کر کے جیل میں ڈالا تو سب سے پہلی آواز عاصمہ جہانگیر کی تھی۔ انہوں نے ہمیشہ مظلوم طبقات کے لئے بلا امتیاز آواز اٹھائی، وہ ایک عظیم عورت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نظریاتی اختلافات ضرور ہوتے ہیں تاہم ان کی جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قرارداد آنی چاہیے کیونکہ انہوں نے زندگی کے ہر مرحلے میں پارلیمنٹ اور آئین کا ہمیشہ دفاع کیا۔ پی ٹی آئی کے رکن ڈاکٹر عارف علوی، شیخ صلاح الدین اور دیگر ارکان نے بھی عاصمہ جہانگیر، قاضی واجد اور دیگر مرحومین کو خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :