سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کراچی میں 6 منزلہ عمارتوں کی منظوری خوش آئند ہے ،میئر سکھر

پیر 12 فروری 2018 18:27

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) میئر سکھر میونسپل کارپوریشن بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کراچی میں 6 منزلہ عمارتوں کے پلان / نقشوں کی منظوری ، کمرشلائزیشن اور بیٹرمنٹ چارجز دینے کے فیصلے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے سے رہائشی مسائل حل ہونگے، انہوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو بھی نقشوں کی منظوری میں بیٹرمنٹ چارجز میں سے شیئر دینے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے ، اس اقدام سے واٹر بورڈ کو مالی وسائل میسر آئینگے ، میئر سکھر نے توقع ظاہر کی کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کا بھی اتھارٹی سے دیرینہ مطالبہ یہی ہے جس پر اب عملدر آمد ممکن ہوگا، انہوں نے کہا کہ سکھر میں بھی نئی عمارتوں کی تعمیر کی اجازت بلدیہ اعلیٰ سکھر جو فراہمی و نکاسی آب کی سہولتیں فراہم کرتی ہے اسے بھی ان کا شیئر دیا جائے، اس سلسلے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سکھر میونسپل کارپوریشن کو بھی شیئر ادا کرے جبکہ اس دوران اس مد میں ہونے والی آمدنی سے بھی بلدیہ کو حصہ ادا کیا جائے، بلدیہ انتظامیہ نے اس سلسلے میں SBCA سکھر کے افسران سے مسلسل رابطہ کیا ہے لیکن ادائیگی نہیں کی گئی ، میئر سکھر نے توقع ظاہر کی ہے کہ شیئر کی ادائیگی کا اجراء کرایا جائے، اس سلسلے میں بلدیہ انتظامیہ ان سے رابطہ میں رہے گی، اس اقدام سے بلدیہ سکھر کو بھی مالی وسائل حاصل ہونگے جو شہر کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہونگے، میئر سکھر نے میونسپل کمشنر اور ٹیکسیشن آفیسر سکھر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں اتھارٹی سے مسلسل رابطے میں رہیں ۔

متعلقہ عنوان :