عوام کو مسائل کے جہنم کا ایندھن بناکر بیرون ملک ٹھمکے لگانے والے تیسری سیاسی قوت بھی بیرون ملک ہی بنائیں گے، علی اکبرگجر

ملک کو بد ترین بد امنی اور معاشی تباہی میں دھکیلنے والوں کو لئے پاکستان کی زمین تنگ ہوچکی ہے ،ْنائب صدر مسلم لیگ(ن) سندھ

پیر 12 فروری 2018 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے ملکی تاریخ کے سیاہ باب کے خالق سابق آمر مشرف کی ملک میں تیسری سیاسی قوت کی قیادت کے خواب کو اندھے شخص کی بینائی والی قوم کی قیادت کرنے کا دعوی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم پاکستان کو غیر ملکی قوتوں کی چراہ گاہ بنانے والے سابق ڈکٹیٹر کو کبھی قبول نہیں کرے گی․ عوام کو مسائل کے جہنم کا ایندھن بناکر بیرون ملک ٹھمکے لگانے والے تیسری سیاسی قوت بھی بیرون ملک ہی بنائیں گی․ ملک کو بد ترین بد امنی اور معاشی تباہی میں دھکیلنے والوں کو لئے پاکستان کی زمین تنگ ہوچکی ہی․ سابق آمر کوہمت کریں جس ملک پر حکمرانی کرتے رہے اس کی عدالتوں کا بھی سامنا کریں․ عوام کی منتخب قیادت کو چور ڈاکو کہنے والا آمر بھول گیا ہے کہ پاکستان میں لوٹ مار اور بے گناہ شہریوں کا خون بہانے کی رویات اس نے خود قائم کی تھیں جب اس کے حکم پر کراچی میں آگ اور خون کی ہولی کھیلی گئی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجرنے کہا کہ سابق ڈکٹیٹر مشرف پاکستان کے موجودہ حالات کا اصل ذمہ دار ہے عوام کو غیر ملکی قوتوں کا غلام بناکر بیرونی طاقتوں کو من مانیاں کرنے کی اجازت دینے والے کی منفی پالیسیوں اور عوام کی منتخب حکومت پر شبخون مارنے کی وجہ سے پاکستان کی ترقی کا سفر رک گیا ، روزگار ٹھپ ہونے ملازمتیں دستیاب نہ ہونے اور حکومتی سرپرستی میں ہونے والی کرپشن کی وجہ سے پاکستان میں بد امنی اور لاقانونیت نے جنم لیا․ علی اکبر گجر نے کہا پاکستان مسلم لیگ(ن) نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت اور عوام کے ووٹ کی قوت سے پاکستان کو سابق ڈکٹیٹر کے پھیلائے ہوئے قتل و غارت اور بیرونی مداخلت کے جال سے نجاد دلا کر ترقی کے موٹر وے پر گامزن کیا ہے۔

(جاری ہے)

قوم اب کسی کو ملک کی ترقی کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ پاکستان میں صرف ایک سیاسی قوت ہے پاکستان مسلم لیگ(ن) جس نے پاکستان بنایا جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا جس نے پاکستان کو ترقی اور تعمیر کی پٹڑی پر چڑھایا اب پاک وطن میں کوئی دوسری تیسری سیاسی قوت کوقوم کبھی قبول نہیں کرے گی․ مشرف اور اسکے کاسہ لیسوں کا پاکستان کی سیاست میں کوئی کردار باقی نہیں رہا۔ اب کسی آمر اور اس کے حواریوں کو پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی․

متعلقہ عنوان :