18 ء مشرق وسطی، افریقا کے بینکاری شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے عشرے کا بہترین سال،سعودی عرب اہم ترین ملک رہے گا

سعودی عرب ،نائیجیریا، مصر اور متحدہ عرب امارات میں بانڈز کی فروخت، مرجرز ، ایکوزیشنز اور سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میںتیزی آئے گی رواں سال ترقی یافتہ ملکوں میں مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 2.5 سے 3 فیصد،ترقی پذیر معیشتوں میں 4.5 سے 5 فیصد رہنے کا امکان، بینکنگ میں سرمایہ کاری کی شرح نمو اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے سٹی گروپ کے مشرق وسطیٰ اور افریقا کے لیے بینکنگ وسرمایہ کاری کے شعبے کے سربراہ میگول آزویدو کا انٹرویو

پیر 12 فروری 2018 15:07

18 ء مشرق وسطی، افریقا کے بینکاری شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے عشرے کا ..
ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) امریکا کے بینکنگ گروپ ’’سٹی گروپ‘‘ نے کہا ہے کہ 2018 ء مشرق وسطیٰ اور افریقا کے بینکاری کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے عشرے کا سب سے بہترین سال ہوگا،اس حوالے سے سعودی عرب خطے کا اہم ترین ملک رہے گا۔یہ بات سٹی گروپ کے مشرق وسطیٰ اور افریقا کے لیے بینکنگ سرمایہ کاری کے شعبے کے سربراہ میگول آزویدو نے ایک انٹرویو میں کہی۔

میگول آزویدو نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ساتھ نائیجیریا، مصر اور متحدہ عرب امارات میں بھی بانڈز کی فروخت کو بڑے پیمانے پر فروغ ملے گا، اس کے علاوہ مرجرز ، ایکوزیشنز اور سرکاری اداروں کے حصص کی نجکاری کے عمل میں بھی تیزی آئے گی۔انھوں نے کہا کہ رواں سال ترقی یافتہ ملکوں میں مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 2.5 سے 3 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع جبکہ ترقی پذیر معیشتوں کے جی ڈی پی کی شرح نمو 4.5 سے 5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے تاہم بینکنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی شرح نمو اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ اور افریقی ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ معاہدوں کا انحصار مارکیٹ کے استحکام پر منحصر ہے تاہم حالیہ دنوں میں خطے کی سٹاک مارکیٹس کی صورتحال بہتر مستقبل کی عکاس ہے۔میگول آزویدو نے کہا کہ ان کے ادارے نے سعودی عرب کے بینکاری کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مقامی حکومت سے منظوری حاصل کرلی ہے،ان کے علاوہ بھی کئی بین الاقوامی ادارے سعودی عرب میں سرمایہ کاری مواقع کی موجودگی کے باعث یہاں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔