ہزارہ کے عوام کیلئے سوئی گیس کا تحفہ نواز شریف کا عظیم کارنامہ ہے جسے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے، وفاقی وزیر مذہبی امور

پیر 12 فروری 2018 14:42

ہزارہ کے عوام کیلئے سوئی گیس کا تحفہ نواز شریف کا عظیم کارنامہ ہے جسے ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہزارہ کے عوام کیلئے سوئی گیس کا تحفہ محمد نواز شریف کا عظیم کارنامہ ہے جسے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے، ملک میں آئندہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہو گی اور ہماری ہمدردیاں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں۔ وہ گذشتہ روز مانسہرہ میں سوئی گیس کی 12 قطر انچ لائن کی تنصیب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

اس موقع پر سیاسی اکابرین سمیت سوئی گیس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سکی کناری ڈیم، موٹر وے اور سوئی گیس کو پکھل کے علاقوں ڈھوڈیال شنکیاری اور بفہ تک پہنچانے کیلئے موجودہ حکومت کوشاں ہے جس سے علاقہ ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ12 قطر انچ کی لائن سے شہر میں سوئی گیس کا پریشر بہتر ہو گا اور شہریوں کو پریشر میں کوئی شکایت نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک نے ہمیشہ ترقی کی ہے، کچھ طاقتیں ملک میں جمہوریت کو پھلتا پھولتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتی، مختلف حیلے بہانوں سے مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں ختم کی گئیں۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عوام کے دلوں سے محمد نواز شریف کی محبت کو کوئی نہیں نکال سکتا، نواز شریف ہزارہ کے عوام سے محبت کرتے ہیں اسی لئے ان کے دورحکومت میں ہزارہ کو میگا پراجیکٹس دیئے گئے ہیں، موٹر وے اور سوئی گیس کے منصوبوں سے یہاں کے عوام کو بڑا فائدہ پہنچے گا، عوام آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت سے دوبارہ منتخب کریں گے۔

متعلقہ عنوان :