خلیجی ملک پر امریکی ڈرون حملہ

پیر 12 فروری 2018 14:17

خلیجی ملک پر امریکی ڈرون حملہ
صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 فروری2018ء) یمن میں ایک بغیر پائلٹ طیارے کے میزائل حملے میں القاعدہ کے 6مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ڈرون حملہ امریکا نے کیا ہے۔ایک یمنی اہلکار نے بتایا ہے کہ البیضا کے علاقے قیافہ میں ایک ڈرون نے اتوار کو سورج غروب ہونے کے بعد ایک گاڑی کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا ہے اور اس میں سوار چھے افراد مارے گئے ہیں۔

اس علاقے میں القاعدہ کے جنگجو متحر ک ہیں۔امریکا ہی یمن میں القاعدہ اور دوسرے جنگجو گروپوں کے خلاف گذشتہ برسوں سے ڈرون حملے کررہا ہے لیکن وہ کم ہی سخت گیر جنگجوں کے خلاف اس مہم کا اعتراف کرتا ہے۔امریکا ماضی میں یمن میں جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کی شاخ کو دنیا میں سب سے خطرناک جنگجو گروپ خیال کرتا رہا ہے لیکن اب پے درپے ڈرون حملوں میں جنگجوں کی ہلاکتوں کے بعد سے اس گروپ کی کمر ٹوٹ چکی ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گذشتہ سال برسر اقتدار آنے کے بعد امریکا نے یمن میں القاعدہ کے خلاف حملے تیز کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کی نگرانی کرنے والی ایک کمیٹی نے حال ہی میں جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ القاعدہ کا عالمی نیٹ ورک بدستور کافی مضبوط ہے اور بعض علاقوں میں وہ داعش سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھیجی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یمن سے تعلق رکھنے والی جزیرہ نما عرب میں القاعدہ عالمی ادارے کی پابندیوں کا شکار اس دہشت گرد گروپ کے لیے ایک ابلاغی مرکز کے طور پر کام کررہی ہے۔اقوام متحدہ نے القاعدہ کے عالمی نیٹ ورک کو مجموعی طور پر دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :