بلین ٹری سونامی میں غلط بیانی سے کام لیکر عوام کو دھوکہ دیاجارہاہے‘ایمل ولی

پی ٹی آئی دور حکومت میںمکمل کئے گئے واحد پل میں دراڑیں پڑ چکی ہیں‘ وزیر صحت تمباکو کاتاجرہے‘ وزیرتعلیم کے نجی تعلیمی ادارے ہیں‘پختون اب مزید دھوکہ نہیں کھائیں گے،اے این پی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری کا تقریب سے خطاب

پیر 12 فروری 2018 14:11

چارسدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) اے این پی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پھولوں کا شہر اور تجارتی مرکز پشاور کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا ہے جبکہ صوبائی حکومت بلین ٹری سونامی میں غلط بیانی سے کام لیکر عوام کو دھوکہ دے رہی ہے ، اٴْن کے مرکزی چیئرمین‘ صوبائی حکومت اور مختلف اداروں کے بیانات میں واضح تضادات ہیں ‘پختون قوم بیدار ہوچکی ہے‘اب اے این پی کی باری ہے اور پورے صوبہ میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔

اِن خیالات کا اظہار اٴْنہوں نے گزشتہ روز دوسہرہ میں پی ایس ایف کے سابق رہنماء عمر خان خٹک کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے اے این پی ضلع چارسدہ کے صدر بیرسٹر ارشد عبداللہ، تپہ دوسہرہ کے صدر صالح محمد ، عمر خا ن خٹک اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈاکٹر حاجی عابد خان، ڈاکٹر سعید محمد خان، وقاص عابد خان، عمر عابد، اظہار الحق سمیت درجنوں افراد نے ساتھیوں اور خاندان سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے این پی تحصیل چارسدہ کے صدر عالمگیر دٴْرانی ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اٴْن کے مشن پر چلتے ہوئے پختون قوم کو اٴْن کے حقوق دلائیں گے اور کہا کہ ناچ گانے والے پختون قوم کی کس طرح خدمت کریں گے اور کہا کہ چار سال تک تعلیمی ایمر جنسی کے پیچھے پڑے رہے جس میں ناکام ہوگئے اور اب جنگلہ بس سے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔

اٴْنہوں نے کہا کہ صحت کا انصاف کا ڈھنڈورہ پیٹنے والے وزیر صحت خود تمباکو اور سیگریٹ کا تاجر ہے اور عوام کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے جبکہ وزیر تعلیم کے خود ایبٹ آباد میں نجی تعلیمی ادارے ہیں۔ اٴْنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیے‘صرف ایک پٴْل بنایا جس میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ اٴْنہوں نے کہا کہ پارٹیاں تبدیل کرنے والے عوامی احتساب سے نہیں بچ سکتے ‘ پی ٹی آئی نے دہشت گردی کے شکار پختونوں کو فیس بک پر تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا مگر پختون قوم اب بیدار ہوچکی ہے اور آنے والا دور اے این پی کا ہے۔اے این پی کھوکھلے نعروں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور علاقے میں سوئی گیس کی فراہمی اے این پی کا کارنامہ ہے۔

متعلقہ عنوان :