یمن میں امریکی جاسوس طیارے کا میزائل حملہ،القاعدہ کے چھ مشتبہ جنگجو ہلاک

البیضاء کے علاقے قیافہ میں ایک ڈرون نے گاڑی کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا،یمنی اہلکار

پیر 12 فروری 2018 12:44

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) یمن کے وسطی صوبے البیضاء میں ایک بغیر پائیلٹ طیارے کے میزائل حملے میں القاعدہ کے چھ مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک یمنی اہلکار نے بتایا کہ البیضاء کے علاقے قیافہ میں ایک ڈرون نے ایک گاڑی کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا اور اس میں سوار چھے افراد مارے گئے ۔

اس علاقے میں القاعدہ کے جنگجو متحر ک ہیں۔امریکا ہی یمن میں القاعدہ اور دوسرے جنگجو گروپوں کے خلاف گذشتہ برسوں سے ڈرون حملے کررہا ہے لیکن وہ کم ہی سخت گیر جنگجوؤں کے خلاف اس مہم کا اعتراف کرتا ہے۔امریکا ماضی میں یمن میں جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کی شاخ کو دنیا میں سب سے خطرناک جنگجو گروپ خیال کرتا رہا ہے لیکن اب پے درپے ڈرون حملوں میں جنگجوؤں کی ہلاکتوں کے بعد سے اس گروپ کی کمر ٹوٹ چکی ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گذشتہ سال برسر اقتدار آنے کے بعد امریکا نے یمن میں القاعدہ کے خلاف حملے تیز کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کی نگرانی کرنے والی ایک کمیٹی نے حال ہی میں جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا کہ القاعدہ کا عالمی نیٹ ورک بدستور کافی مضبوط ہے اور بعض علاقوں میں وہ داعش سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھیجی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یمن سے تعلق رکھنے والی جزیرہ نما عرب میں القاعدہ عالمی ادارے کی پابندیوں کا شکار اس دہشت گرد گروپ کے لیے ایک ابلاغی مرکز کے طور پر کام کررہی ہے۔اقوام متحدہ نے القاعدہ کے عالمی نیٹ ورک کو مجموعی طور پر دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔