شرارتی بچے کوشرارت کرنا مہنگا پڑگیا، ٹوائلٹ سیٹ میں پھنسی گردن کو نکالنے کے لیے ریسکو کے عملے کی مدد لینا پڑی

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 11 فروری 2018 23:58

شرارتی بچے کوشرارت کرنا مہنگا پڑگیا، ٹوائلٹ سیٹ میں پھنسی گردن کو نکالنے ..
3 سالہ خوبصورت  لیکن شرارتی سا بچہ جب  ٹوائلٹ سیٹ میں اپنا سر پھنسا بیٹھا تو فائر فائٹرز کی مدد لینا پڑ گئی۔ انہوں نے ٹوائلٹ سیٹ کے پلاسٹک کو کاٹنے کی کوشش کی تو بچہ رونے لگا۔ اس کے بعد فائر فائٹرز اس کی نازک سی گردن کو ٹوائلٹ سیٹ سے آزاد کرانے کے لیے سخت پلاسٹک پگھلانے لگے تا کہ کاٹنے کی صورت میں پلاسٹک کے نوکدار کونوں یا پلائرز سے بچے کی گردن کو نقصان نہ پہنچے۔


یہ بچہ، جس کا نام نہیں بتایا گیا، مشرقی چین کے صوبے جیانگسو کے دارالحکومت نانجنگ میں رہتا ہے۔ اس کے ماں باپ کام پر جاتے ہیں تو دادا دادی اس کا خیال رکھتے ہیں۔ اس کے دادا دادی اسے گولوؤ ڈسٹرکٹ فائر ڈیپارٹمنٹ میں پلاسٹک کی ٹوائلٹ سیٹ کے ہمراہ لے کر آئے جو کہ اس کی گردن کے گرد پھنسی تھی۔ بچے کی دادی کے مطابق اس کھلنڈرے بچے نے بے بی ٹوائلٹ سیٹ کے دائرے میں اپنا سر رکھ دیا تھا۔

(جاری ہے)

جب وہ اپنا سر واپس نہیں نکال پایا تو مدد کے لیے چلانا شروع کر دیا۔ فائر ڈیپارٹمنٹ میں بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائر مین اس بچے کو پرسکون رکھنے کی پوری کوشش کررہے ہیں جبکہ وہ چلاتا ہے: "میں گھر جانا چاہتا ہوں." فائر فائٹرز نے ہائیڈرالک پلائرز کا استعمال کیا  تا کہ پلاسٹک کو کاٹا جا سکے لیکن انہیں خوف تھا کہ تیز دھار سے اس چھوٹے سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پھر انہوں نے کاٹنے کے بجائے پلاسٹک کے اتنے حصے کو  پگھلانے کی کوشش کی جس سے لڑکے کا سر بآسانی باہر نکل سکے، اس سارے عمل میں کچھ منٹ صرف ہوئے۔
یہ ویڈیو اس کا سر آزاد ہونے سے پہلے ہی ختم ہوجاتی ہے لیکن یہ بات واضح ہے کہ اس کا سر باحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ اس دوران فائر فائٹرز میں سے ایک نے اپنے موبائل فون پر بچے کو کارٹون دکھانے شروع کر دیے تھے۔