سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کا سول اسپتال سکھر میں سہولیات کے فقدان پر تشویش کا اظہار

اتوار 11 فروری 2018 23:00

سکھر۔11فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2018ء) سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے صدر استاد تاج محمد شیخ نے سکھر کے سول اسپتال میں سہولیات کے فقدان پر گہری تشویش کا اظہارکیا ہے، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے سنگم پر واقع ضلع سکھر میں غلام محمد مہر میڈیکل کالج (سول اسپتال) ایک ٹیچنگ اسپتال ہے، جہاں پر سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ سمیت اندرون سندھ وبلوچستان کے مختلف چھوٹے و بڑے شہروں سے روزانہ مختلف امراض میں مبتلا درجنوں مریض علاج کرانے کے لئے آتے ہیں تاہم معالجین کی کمی، ادویات کی عدم فراہمی، صفائی و ستھرائی کی صورتحال بہتر نہ ہونے سمیت ناکافی سہولیات کے باعث دور دراز علاقوں سے آنیوالے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت سندھ کی جانب سے سول اسپتال کے لئے سالانہ کروڑوں روپے کا فنڈز مختص کیے جانے کے باوجود اسپتال میں مریضوں کو وہ سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہے جو کہ کرنی چاہیے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر صحت و دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ سول اسپتال میں نوٹس لیکر ہنگامی بنیادوں پر موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ علاج و معالجے کے لئے آنیوالے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔