مسلم لیگ (ن) عدالتوں کا احترام کرتی ہے، شہباز شریف کا سپریم کورٹ میں پیش ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ شیخ آفتاب احمد

اتوار 11 فروری 2018 22:00

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2018ء) وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا سپریم کورٹ میں پیش ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) عدالتوں کا احترام کرتی ہے، لیگی قیادت نے ان 4 سالوں کے دوران ملک کے بڑے مسائل حل کیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں این ای57 میں ان ساڑھے 4 سالوں کے دوران سوئی گیس ،بجلی کے منصوبے مکمل کر کے عوام کے سامنے سرخرو ہوں، عوامی کام سیاست کیلئے نہیں بلکہ خدمت کیلئے کرنے پر یقین رکھتا ہوں، چھچھ آمد کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے مزید کہا کہ حضرو شہر کی تعمیر وترقی کیلئے بہت جلد گرانٹ ملے گی جس کی وجہ سے شہریوں کے دیرینہ مسائل حل ہونگے، انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب نے قبرستان کیلئے 33کنال کی زمین دے کر شہریوں کا دیرینہ مسئلہ بھی حل کر دیا ہے، چھچھ کے تمام بڑے دیہاتوں میں کارپٹ روڈ بنائے گئے اور126سے زیادہ دیہاتوں کو سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی گئی جبکہ بجلی کے منصوبے بھی تیزی سے جاری ہیں، انہوںنے کہا کہ میاں برادران نے ہمیشہ اٹک کو اپنا گھر سمجھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ جب بھی میں نے انہیں اٹک کے مسائل سے آگاہ کیا تو انہوں نے بھاری گرانٹ دے کر اٹک کے عوام کے مسائل حل کیے، انہوںنے کہا کہ تحصیل حسن ابدال جو اب میرے حلقے میںآچکی ہے اس کے مسائل بھی حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں،انہوں نے مذید کہا کہ 2018ء کا الیکشن پاکستان مسلم لیگ بھاری اکثریت سے جیتے گی ۔