مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے کیمپ پر مجاہدین کے فدائی حملے کا دوسراروز، 5 فوجی سمیت 6 افراد ہلا ک

اتوار 11 فروری 2018 21:50

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے کیمپ پر مجاہدین کے فدائی حملے کا دوسراروز، ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ پر مجاہدین کے دوروز سے جاری فدائی حملے میں 5 فوجی سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔غیرملکی خبررساںادارے کی رپورٹ کے مطابق فوجی کیمپ پر بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان دو دن سے جاری فائرنگ کے تبادلے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ اعلی ریاستی پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا آغاز ہفتے کی صبح سویرے شروع ہوا جب مجاہدین نے جموں شہر کے مضافاتی علاقے میں قائم سنجوان فوجی بیس پر حملہ کیا ان کا کہنا تھا کہ دونوں اطراف سے فائرنگ اتوار کے دن تک جاری رہی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کے سپاہیوں کے اہل خانہ کی وہاں موجودگی کی وجہ سے سیکیورٹی اہلکار کیمپ کو آہستہ آہستہ کلیئر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اب تک یہ بات واضح نہیں ہوسکی کے حملے میں کتنے حملہ آور ملوث تھے۔ حملے کے بعد ملٹری اسٹیشن اور اس کے اطراف کے علاقوں کی ناکہ بندی بھی کردی گئی ہے جبکہ تمام اسکولوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 31 دسمبر 2017 کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پیرا ملٹری فورس کے کیمپ پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں تین حملہ آوار بھی مارے گئے تھے۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کی جانب سے چند روز قبل اعداد و شمار جاری کیے گئے تھے جن کے مطابق حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے قتل کے بعد سے لیکر اب تک بھارتی فورسز نے مقبوضہ وادی میں خواتین اور کم عمر لڑکوں سمیت وادی میں 515 افراد کو قتل کردیا۔ 02-18/--307

متعلقہ عنوان :