صوبائی مشیر اطلاعات انوارالحق کاکڑ کا عاصمہ جہانگیر کی وفات پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار

اتوار 11 فروری 2018 21:20

کوئٹہ۔11فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2018ء)صوبائی مشیر اطلاعات انوارالحق کاکڑ نے ممتاز قانون دان اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کی ناگہانی وفات پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر نے پاکستان میں آئین کی حکمرانی، جمہوریت کے استحکام اور انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتااور ان کی ان خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی وفات سے ملک ایک ماہر قانون دان اور ایک شفیق شخصیت سے محروم ہوگیا ہے اور یہ خلا مدتوں پر نہیں ہوسکتا۔ صوبائی مشیر اطلاعات نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کواپنے جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو یہ صدمہ صبروہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبائی مشیر اطلاعات نے معروف ٹی وی فنکار قاضی واجد کی وفات پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فلمی دنیامیں مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قاضی واجد جیسا فنکار مدتوں تک پیدا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے فنکاری کے شعبے میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ صوبائی مشیر نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور سوگوار خاندان کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔