میاں افتخار حسین کا عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر دکھ کا اظہار ،مرحومہ کی وفات کے بعد سچ بولنے جو ایک عہد تھا وہ دھندلا ہوگیا

اتوار 11 فروری 2018 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 فروری2018ء)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے معروف قانون دان، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عاصمہ جہانگیر جیسے لوگ بہت کم پیدا ہوتے ہیں جو ہر ایشو پر کھل کر اپنے مؤقف کا اظہار کرے ، وہ جب بھی بولی تو بہت ڈٹ کر اور صاف حقیقت بیان کرتے ہوئے بولی، انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنے کردار کی وجہ سے بے پناہ شہرت پائی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر جیسے لوگ بہت کم پیدا ہوتے ہیں جو ہر ایشو پر کھل کر اپنے مؤقف کا اظہار کرے اور سچ کا دامن کبھی نہ چھوڑے،عاصمہ جہانگیر نے ایک وکیل کی حیثیت سے جو نام کمایا ایسی شہرت بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

عاصمہ جہانگیر نے انسانی حقوق کے لیے جو آواز اٹھائی بہت توانا اور بے باک انداز میں یہ حق آدا کیا اور ملکی مسائل پر جب بھی بولی تو بہت ڈٹ کر اور صاف حقیقت بیان کرتے ہوئے بولی چاہے یہ مسائل کتنی ہی گھمبیر کیوں نہ ہو ۔

میاں افتخار حسین نے عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی شخصیتوں کی مثال بہت کم ملتی ہے۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنے کردار کی وجہ سے بے پناہ شہرت پائی، عاصمہ جہانگیر کی اس دنیا سے رخصت ہونے کے بعد سچ بولنے کا جو ایک عہد تھا وہ دھندلا ہوگیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عاصمہ جہانگیر کو چاہنے والے اور سچ کا ساتھ دینے والے اس دھندلاپن کو دور کریں گے اور خاص کر ان کے قریب رہنے والے ان کے شاگرد اور ان جیسے کمٹمنٹ رکھنے والے لوگ عاصمہ جہانگیر جیسے سچ بولنے والے شمع کو ہمیشہ کے لیے جلا کے رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عاصمہ جہانگیر جیسے بہادر، نڈراور سچ بولنے والی شخصیت کی کمی کو ہمیشہ محسوس کریں گے۔ انہوں نے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس نصیب کرے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطاء کریں۔